Bihar
پروفیسر محمد زاہدالحق نے خدا بخش لائبریری کے ڈائرکٹر کاسنبھالاچارج،پہلی بار اردو زبان و ادب کی ماہر شخصیت کو حکومت ہند نے سونپی یہ ذمہ داری
(پی این این)
پٹنہ:پروفیسر محمد زاہدالحق، یونی ورسٹی آف حیدرآباد علمی و ادبی دنیا کی ایک معروف شخصیت اور مشہور اسکالر ہیں۔ انھوں نے تعلیم، ثقافت اور اردو زبان و ادب کے میدان میں قابل ذکر خدمات انجام دی ہیں۔
علی گڑھ مسلم یونی ورسٹی اور جواہر لال نہرو یونی ورسٹی سے کسب فیض کرتے ہوئے انھوں نے اپنا تدریسی سفر شعبۂ اردو، دہلی یونی ورسٹی سے شروع کیا۔پھر کلکتہ یونی ورسٹی کے شِب پور دینو بندھو کالج سے مختصر سی مدت کے لیے وابستہ ہوئے اور اس کے بعدیونی ورسٹی آف حیدرآبادسے منسلک ہوئے جہاں ترقی کرتے ہوئے پروفیسر کے عہدے پر فائز ہوئے۔ وہاں آپ نے اردو زبان و ادب اور درس و تدریس کے شعبے میں گوناگوں خدمات انجام دیں۔ اردو ادب کی دنیا میں آپ کی شناخت ایک صاحب طرز شاعر کے علاوہ ناقد و محقق کی بھی ہے۔’’ انعام اللہ خاں یقین: عہد اور شاعری‘‘،’’بساط نقد‘‘ اور ’’اٹھارویں صدی میں اردو غزل کا فکری نظام‘‘ آپ کی نگارشات ہیںجن کی پذیرائی پروفیسر محمد حسن، پروفیسر وہاب اشرفی، پروفیسر غضنفر علی، پروفیسر ارتضیٰ کریم اور پروفیسر صفدر امام قادری جیسے ماہرین ادب نے کی ہے۔آپ کے سو سے زائد تحقیقی مقالے معتبر رسائل و جرائد میں شائع ہو کر داد تحسین حاصل کر چکے ہیں۔ ان کی کثیرالجہات خدمات سے متاثر ہو کر مرکزی وزارت ثقافت نے خدا بخش لائبریری جیسے عالمی شہرت یافتہ ادارے کے ڈائرکٹر کی ذمے داری ان کے سپرد کی ہے۔ آج مورخہ 1؍جون 2026 کو انھوں نے اس عہدے کا چارج لیا۔ خدا بخش لائبریری اپنے نادر مخطوطات اور قدیم مطبوعات کے سبب پوری دنیا میں ایک منفرد مقام رکھتی ہے۔ مدت سے یہ لائبریری ایک بے لوث اور مخلص دانش ور کی تلاش میں تھی، آج یہ تلاش پوری ہوئی اور پروفیسر محمد زاہدالحق کی شکل میں یہ تلاش مکمل ہوئی۔
مستقل ڈائرکٹر کا چارج لینے کے بعد انھوں نے لائبریری کا معائنہ کیا اور ہر سیکشن کے ذمے داروں سے ان کے کام کی نوعیت کو جانا۔ چوں کہ وہ خود تحقیق، تدریس اور تصنیف و تالیف سے گہراشغف رکھتے ہیں ، لہٰذایہ امید کی جاتی ہے کہ ان کے دور میں لائبریری مزید ترقی کرے گی۔ خدا بخش لائبریری کے سابق انچارج ڈائرکٹر پروفیسر سدھارتھ سنگھ، وائس چانسلر، نو نالندہ مہاوہار نے چارج دیتے وقت موجودہ ڈائرکٹر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
پروفیسر محمد زاہد الحق کی خدا بخش لائبریری کے سربراہ کی حیثیت سے عظیم آباد تشریف آوری کو ایک نیک فال قرار دیتے ہوئے اردو زبان سے تعلق رکھنے والے اساتذہ، طلبہ اور ماہرین نے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے پروفیسر محمد زاہد الحق کی فعال قیادت میں لائبریری کی ترقیات کی توقع کی ہے۔