دلی این سی آر
ٹی بی سے پاک عوامی شرکت کی قومی مہم بن چکا ہے ہندوستان: ریکھا
(پی این این)
نئی دہلی: دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نےکہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ٹی بی مکت بھارت صرف ایک سرکاری پروگرام نہیں بلکہ عوامی شرکت کی قومی مہم بن چکا ہے۔
گپتا نے آج یہاںٹی بی مکت بھارت ابھیان کے تحت منعقدہ ایک تقریب میں کہا کہ وزیر اعظم کی دور اندیش قیادت نے ٹی بی کے خاتمے کو پورے ملک کی عوامی تحریک بنا دیا ہے اور اب ہر شہری کی شرکت سے ہی اس ہدف کو وقت کے ساتھ حاصل کیا جا سکے گا۔ دہلی حکومت تپ دق کے خاتمے کے ہدف کو حاصل کرنے کے لیے مکمل عزم کے ساتھ کام کر رہی ہے۔
حکومتِ ہند کی طرف سے مقرر کردہ ٹی بی کے مریضوں کی نوٹیفکیشن کے ہدف کے مقابلے میں دہلی ہر سال 95 فیصد سے زیادہ ہدف حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ٹی بی کا موثر علاج دستیاب ہے اور وقت پر جانچ نیز پورا علاج کرانے سے یہ بیماری مکمل طور پر ٹھیک ہو سکتی ہے۔ لیکن اس ہدف کو صرف ہسپتالوں اور ڈاکٹروں کے بھروسے حاصل نہیں کیا جا سکتا بلکہ معاشرے کے ہر طبقے کو آگے آنا ہوگا۔ رکن پارلیمنٹ، ایم ایل اے اور کونسلر عوام کے سب سے قریب ہوتے ہیں اور ان کی بات پر لوگوں کا اعتماد ہوتا ہے۔ اگر ہر عوامی نمائندہ اپنے علاقے میں ٹی بی کے بارے میں بیداری بڑھانے، وقت پر جانچ کرانے اور مریضوں کو پورا علاج کرانے کے لیے ترغیب دے گا تو یقیناً اس مہم کو نئی رفتار ملے گی۔
وزیر اعلیٰ نے تمام عوامی نمائندوں سے اپنے اپنے علاقوں میں نکشے متر مہم کو عوامی تحریک بنانے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ دہلی میں اب تک 3,300 سے زیادہ نکشے متر ٹی بی کے مریضوں کے تعاون کے لیے سرگرمی سے جڑ چکے ہیں۔ ان کے تعاون سے 1.2 لاکھ سے زیادہ غذائی اجناس کے باسکٹ ٹی بی کے مریضوں میں تقسیم کیے جا چکے ہیں۔
انہوں نے صنعتوں، تجارتی تنظیموں، کارپوریٹ اداروں، سماجی تنظیموں، آر ڈبلیو اے، مذہبی اداروں اور عام شہریوں سے بھی اس مہم سے جڑ کر نکشے متر بننے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ ایک نکشے متر صرف غذائی امداد ہی نہیں دیتا بلکہ مریض کو عزت، اعتماد اور یہ بھروسہ بھی دیتا ہے کہ پورا معاشرہ اس کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے اعتماد کا اظہار کیا کہ حکومت، صحت کارکنان، عوامی نمائندوں اور معاشرے کی اجتماعي کوششوں سے دہلی ٹی بی کے خاتمے کے شعبے میں پورے ملک کے لیے ایک مثالی ماڈل بنے گی۔اس موقع پر دہلی کے وزیر صحت ڈاکٹر پنکج کمار سنگھ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی قیادت میں دہلی حکومت ٹی بی کے خاتمے سمیت تمام عوامی صحت کے پروگراموں کو اعلیٰ ترین ترجیح کے ساتھ آگے بڑھا رہی ہے تاکہ دہلی ایک صحت مند، بیدار اور بیماری سے پاک معاشرے کی مثال بن سکے۔ وزیر صحت نے کہا کہ ٹی بی کا وقت پر پتہ چلنے اور علاج پورا ہونے پر اس کا مکمل علاج ممکن ہے، اس لیے یہ یقینی بنانا ضروری ہے کہ کوئی بھی شخص جانچ، علاج یا مشورے سے محروم نہ رہے۔
طبی سہولیات کے ساتھ ساتھ معاشرے میں بیداری بڑھانا، ٹی بی سے جڑی غلط فہمیوں کو دور کرنا اور ہر مریض کو علاج پورا کرنے کے لیے ترغیب دینا بھی اتنا ہی اہم ہے۔
انہوں نے اعتماد کا اظہار کیا کہ عوامی نمائندوں، صحت کارکنان، سماجی تنظیموں اور شہریوں کی اجتماعی کوششوں سے ٹی بی کے خاتمے کی مہم ایک جامع عوامی تحریک کی شکل اختیار کرے گی۔