Bihar
ٹی آر ای-4 کے امیدواروں نے دی بہاربند کی وارننگ،ٹیچر ریکروٹمنٹ ایگزامینیشن کا اشتہار جاری ہونے کے بعدریاست میں شروع ہوا نیاتنازع،بہار حکومت کے خلاف محاذ کھولنے کا انتباہ جاری
(پی این این)
پٹنہ:ٹیچر ریکروٹمنٹ ایگزامینیشن (ٹی آر ای-4) کا اشتہار جاری ہونے کے بعد شروع ہوا تنازع تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ ایک ہی مرحلے میں امتحان منعقد کرانے اور منفی مارکنگ ختم کرنے کے مطالبے کو لے کر جاری احتجاج کو اب خواتین امیدواروں کی بھی حمایت ملنے لگی ہے۔ کل گردنی باغ میں واقع دھرنا گاہ پر بڑی تعداد میں خواتین امیدوار بھی پہنچیں۔ وزیرِ تعلیم کے بیان سے ناراض امیدواروں نے بہار بند کی وارننگ دی ہے۔
طلبہ رہنما دلیپ کمار نے کہا کہ اگر محکمۂ تعلیم اور بی پی ایس سی نے جاری کردہ اشتہار میں ترمیم نہیں کی تو امیدوار بہار بند کرنے پر مجبور ہوں گے۔ اس سلسلے میں جلد ہی باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔ انہوں نے حکومت کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ امیدواروں کے صبر کا امتحان نہ لے۔
امیدواروں نے مطالبہ کیا کہ بی پی ایس سی کے جاری کردہ اشتہار سے منفی مارکنگ اور دو مرحلوں میں امتحان لینے کی شرط فوری طور پر ختم کی جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ ٹی آر ای-4 میں اچانک امتحان کے طریقۂ کار میں تبدیلی کرنا امیدواروں کے مفاد کے خلاف ہے۔ نئے امتحانی ضابطے ٹی آر ای-5 سے نافذ کی جانی چاہیے۔دوسری جانب وزیرِ تعلیم متھیلیش تیواری کے بیان کے بعد طلبہ میں شدید ناراضگی پائی جا رہی ہے۔ وزیرِ تعلیم نے کہا ہے کہ حکومت نے خالی آسامیوں کی تفصیلات جاری کر دی ہیں اور محکمۂ عمومی انتظامیہ اور بی پی ایس سی نے امتحان منعقد کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ طلبہ پی ٹی اور مینس امتحانات کے انعقاد کا خیرمقدم کر رہے ہیں۔ تاہم، امیدواروں کے تمام مطالبات پورے نہیں کیے جا سکتے۔
طلبہ رہنما دلیپ نے کہا کہ اگر حکومت نے طلبہ کے صبر کا امتحان لیا تو اسے اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔ حکومت وقت رہتے فیصلہ کرے، ورنہ احتجاج کا سامنا کرنے کے لیے تیار رہے۔ انہوں نے کہا کہ اس تحریک میں بہار کے لاکھوں طلبہ کو شامل ہونے کی اپیل کی جائے گی۔بہار ٹیکنیکل سروس کمیشن کی جانب سے محکمۂ صحت کے تحت ڈریسر کی بھرتی کے معاملے میں امیدوار گردنی باغ میں واقع دھرنا گاہ پر ڈٹے رہے۔ منتخب ڈریسروں کو میرٹ لسٹ میں شامل کرنے سمیت مختلف مطالبات کو لے کر ریاست بھر سے ڈریسر امیدوار احتجاج میں شرکت کے لیے پہنچ رہے ہیں۔کل ساسارام سے ڈریسر کی امیدوار رانی اپنے معصوم بچے کو گود میں لیے دھرنے میں شامل ہوئیں۔ انہوں نے ڈریسر کی بھرتی کے عمل میں بے ضابطگی کا الزام لگاتے ہوئے مطالبہ کیا کہ خامیوں کو دور کیا جائے اور ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کی جائے۔