Bihar
نتیش ماڈل کو آگے بڑھارہی ہے سمراٹ حکومت، آفت زدہ خاندانوں کو ہر ممکن مدد فراہم کرنا بہار سرکار کی رہی ہے اولین ترجیح:شراون کمار
(ایس ایم عالم؍پی این این)
بہار شریف:دیہی ترقی اور اطلاع و تعلقات عامہ کے محکمے کے وزیر، علاقائی رکن اسمبلی اور جے ڈی یو قانون ساز پارٹی کے لیڈر شراون کمار نے کہا کہ آفت زدہ خاندانوں کو ہر ممکن مدد فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح رہی ہے۔ بہار کے سابق وزیر اعلیٰ نتیش کمار ہمیشہ کہا کرتے تھے کہ ریاستی خزانے پر پہلا حق آفت زدہ خاندانوں کا ہے۔
وزیرموصوف پیر کے روز بہار شریف میونسپل کارپوریشن کے وارڈ نمبر 47، کھرجمہ گاؤں میں آفت زدہ خاندان، مرحوم سورج کمار کی وارث والدہ ٹننی دیوی کو ریاست حکومت کی جانب سے دی جانے والی امدادی رقم کا چیک دینے پہنچے تھے۔وزیرموصوف نے مزید کہا کہ اس ناگہانی نقصان سے پورا خاندان اور سماج صدمے میں ہے۔ اس غم کی گھڑی میں آفت زدہ اکیلے نہیں ہیں، حکومت ان کے ساتھ ہے۔ مرحوم کے گھر والوں سے مل کر انہوں نے حوصلہ دیا، تسلی دی اور صبر و ہمت سے کام لینے کی بات کہی۔ کہا کہ جو چلا گیا اسے واپس نہیں لا سکتے لیکن ہم یہ یقینی بنائیں گے کہ خاندان کو کسی قسم کی پریشانی نہ ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ پہلے کی نتیش حکومت نے بغیر کسی تفریق کے سماج کے ہر طبقے کی فلاح کو ترجیح دی۔ “انصاف کے ساتھ ترقی” کے اپنے عزم کو عملی جامہ پہناتے ہوئے انہوں نے بہار کو نئی پہچان دی اور ترقی کی نئی بلندیوں تک پہنچایا۔ ریاست کی مجموعی ترقی اور ہر بہاری کی زندگی میں مثبت تبدیلی لائی۔ آج ہماری حکومت ان ہی کے ترقیاتی ماڈل کو عملی شکل دے کر آگے بڑھا رہی ہے۔
اس موقع پر پرکھنڈ ترقیاتی افسر منیش کمار، پرکھنڈ جے ڈی یو صدر دھننجے پرساد کشواہا، ضلع جے ڈی یو ترجمان ڈاکٹر دھننجے کمار، دیو یگل کشور، مکھیا وشواس سنگھ، مکھیا پرمود یادو، رام جنم رویداس، مکیش پاسوان، بٹو کشواہا، پشپ راج سنگھ، چھوٹو کمار، نتیش پانڈے، نوین راوت، راجو ساو، مہیش پانڈے، آکاش کمار کاجل، سنجے رام، ادے پرساد سمیت کئی سماجی کارکن موجود رہے۔