Bihar

نالندہ میں ٹل گیابڑا ریل حادثہ، متعدد ٹرینوں کی آمد و رفت متاثر،ضلع کے ہلسا ریلوے اسٹیشن پر پٹری سے اترگئی مال گاڑی کی چار بوگیاں ، حادثے کی وجوہات کی جانچ شروع

Published

on

(پی این این)
نالندہ:بہار کے ضلع نالندہ میں پیر کے روز ایک ٹرین حادثہ پیش آیا، جہاں ایک مال گاڑی کی چار بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔ اس واقعے کے باعث اس ریلوے روٹ پر کئی ٹرینوں کی آمد و رفت متاثر ہو گئی، جبکہ ریلوے حکام نے فوری طور پر بحالی کا کام شروع کر دیا۔
اطلاعات کے مطابق، نالندہ کے ہلسا ریلوے اسٹیشن پر فتوحہ سے نٹیسر جا رہی ایک خالی مال گاڑی کی چار بوگیاں اچانک پٹری سے اتر گئیں، تاہم خوش قسمتی سے ایک بڑا ریل حادثہ ٹل گیا۔حادثے کے بعد ریلوے ٹریفک بری طرح متاثر ہوئی، جبکہ ہلسا۔چکسورا ریلوے کراسنگ سمیت آس پاس کے متعدد پھاٹکوں پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں، جس کے باعث لوگوں کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ریلوے حکام کے مطابق اس حادثے میں کسی جانی نقصان یا مالی خسارے کی اطلاع نہیں ملی ہے۔ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اورتادم تحریری پٹری کو جلد از جلد بحال کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔فتوحہ سے نٹیسر کی جانب جانے والی خالی مال گاڑی جب ہلسا ریلوے اسٹیشن میں داخل ہو رہی تھی، اسی دوران اچانک اس کی چار بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی اسٹیشن انتظامیہ نے فوری طور پر ریلوے کے اعلیٰ حکام کو آگاہ کیا۔ اس کے بعد جی آر پی اور آر پی ایف کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، جہاں انہوں نے حفاظتی انتظامات سنبھالنے کے ساتھ ساتھ حادثے کی وجوہات کی تحقیقات بھی شروع کر دیں۔
مال گاڑی کے پٹری سے اترنے کے باعث اس ریلوے سیکشن پر ٹرینوں کی آمد و رفت متاثر ہو گئی۔ اس کا اثر دہلی سے اسلام پور جانے والی مگدھ ایکسپریس، پٹنہ-اسلام پور پیسنجر (لوکل) اور اسلام پور-ہٹیا ایکسپریس سمیت متعدد ٹرینوں کی خدمات پر پڑا۔ ریلوے حکام نے ٹریک کو جلد از جلد بحال کرنے کے لیے جنگی بنیادوں پر مرمتی اور بحالی کا کام شروع کر دیا ہے۔
موقع پر موجود ٹی آئی کندن کمار نے بتایا کہ حادثے کے وقت مال گاڑی کی رفتار تقریباً 15 سے 20 کلومیٹر فی گھنٹہ تھی۔ ابتدائی تحقیقات میں حادثے کی وجہ کا فوری طور پر پتہ نہیں چل سکا ہے۔ مال گاڑی کن حالات میں پٹری سے اتری، اس کا انکشاف تکنیکی جانچ مکمل ہونے کے بعد ہی ہو سکے گا۔ ریلوے نے پٹنہ سے راحت اور امدادی ٹیم کو موقع پر روانہ کر دیا ہے، جبکہ ٹریک کی بحالی کا کام ترجیحی بنیادوں پر تیزی سے جاری ہے۔
مال گاڑی کی بوگیاں پٹری سے اترنے کے باعث ریلوے ٹریک مکمل طور پر بند ہو گیا، جس کے نتیجے میں ہلسا-چکسورا روٹ سمیت اطراف کے متعدد ریلوے پھاٹکوں پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔ شدید ٹریفک جام کے باعث مسافروں اور مقامی شہریوں کو کافی دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ تاہم، جیسے ہی حادثے کی اطلاع عام ہوئی، متعدد گاڑیوں کے ڈرائیوروں اور مسافروں نے متبادل بائی پاس راستوں کا استعمال کرتے ہوئے اپنی اپنی منزل کی جانب روانگی اختیار کر لی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

رجحان ساز

Copyright © 2025 Probitas News Network