Bihar

ناظم امارت شرعیہ کے ہاتھوں علامہ بہاری ؒ کی حیات وخدمات پر مشتمل کتاب کا اجرا ء

Published

on

(پی این این)
پٹنہ:پھلواری شریف ) دارالعلوم دیوبند کے مایہ ناز استاذالاساتذہ ، امام المنطق وا لفلسفہ حضرت علامہ محمد حسین بہاری کی حیات و خدمات اور اوصاف و کمالات پر ان کے صاحبزادے محترم مولانا احمد حسن قاسمی نے ایک جامع کتاب ’’سوانح حضرت علامہ بہاری‘‘ کے نام سے تصنیف کر کے ایک بڑا علمی کارنامہ انجام دیا۔
اسی طرح انہوں نے حضرت علامہ بہاری ؒکے شاگردوں کی طرف سے ایک طرح قرض کو ادا کیا، جس کے لیے وہ سب کی طرف سے مبارک باد کے مستحق ہیں،یہ باتیں ناظمِ امارتِ شرعیہ بہار، اڈیشہ، جھارکھنڈ و مغربی بنگال، مولانا مفتی محمد سعید الرحمن قاسمی نے کتاب کی رسمِ اجرا کرتے ہوئے کہیں ، یہ رسمِ اجرا تقریب امارتِ شرعیہ، پھلواری شریف، پٹنہ میں منعقد ہوئی، جس میں ناظم صاحب نے کہا: حضرت علامہ دارالعلوم دیوبند کے ان ممتاز اساتذہ میں تھے، جنہیں محبین فخرِ بہار تک کہتے تھے، آپ بافیض وباکمال مدرس تھے ۔
اس موقع پرمرکزی دارالقضاء کے صدر قاضیِ شریعت مولانا مفتی محمد انظارقاسمی نے کہا کہ اگرچہ میں حضرت علامہ کی زیارت سے محروم رہا، مگر ان کے علمی کمالات کےاس قدر تذکرےسنےگویا کہ وہ شخصیت میرے لیے دید و شنید کے مانند ہو گئی، وہ بڑے باکمال اور صاحبِ علم تقویٰ ،عالمِ دین تھے۔امارتِ شرعیہ کے نائب ناظم مولانا مفتی محمد ثناء الہدیٰ قاسمی نے کہا کہ مصنفِ کتاب نے حضرت علامہ کےتعلق سے بکھرے بکھرے ہوئے موتیوں کو پرو دیاہے تاکہ اس سے نئی نسل کو روشنی ملے، میری طرف سے وہ مبارک باد کے مستحق اور قابلِ ستائش ہیں،مولانا سہیل اختر قاسمی نائب قاضیِ شریعت نے کہا کہ حضرت علامہ کی شخصیت ہمہ جہت تھی، وہ ہرفن پر عبور رکھتے تھے، مگر منطق اور فلسفہ میں انہیں کمال درجہ کا درک تھا، مولانا مفتی وصی احمد قاسمی نائب قاضی امارتِ شرعیہ بہار، اڈیشہ ،جھارکھنڈ و مغربی بنگال نے کہا کہ میں نے دارالعلوم دیوبند میں تعلیم کے دوران ان کے علمی کمالات کے بہت چرچے سنے، بلاشبہ علامہ بہاریؒ فخرِ بہار کے لقب کے مستحق تھے، مولانا رضوان احمدندوی نے کہا کہ حضرت علامہ میرے شفیق استاد تھے، ان کے پڑھانے کا انداز بڑا اچھوتا اور نرالا تھا، مولانا عطاء الرحمن مظاہری ناظم آزاد مدرسہ اسلامیہ ڈھاکہ، ضلع مشرقی چمپارن نے کہا کہ حضرت علامہ دارالعلوم دیوبند کے بے مثال مدرس تھے۔
اس موقع پر مصنفِ کتاب مولانا احمد حسن قاسمی ناظمِ تعلیمات آزاد مدرسہ اسلامیہ ڈھاکہ نے اپنے والدِ ماجد کی چندامتیازی خصوصیات بیان کرتے ہوئے کہا کہ عرصے سے اس بات کی ضرورت محسوس کی جا رہی تھی کہ ان پر کوئی کتاب مرتب کی جائے،میں نے اپنی سطح سے چند بکھری یادوں اور با توں کو جمع کر دیا ہےتاکہ وہ اگلی نسل کے لیے مشعلِ راہ ہو،آخر میں رسمِ اجرا کی یہ تقریب دعا پر اختتام پذیر ہوئی ، اس تقریب میں امارتِ شرعیہ کے متعدد ذمہ داران و کارکنان نے شرکت کی ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

رجحان ساز

Copyright © 2025 Probitas News Network