Bihar
منوج کمار ٹھاکر قتل کیس کا 6 گھنٹے میں انکشاف، ملزم گرفتار
دربھنگہ : دربھنگہ پولیس نے قتل کے ایک سنسنی خیز مقدمے کا صرف چھ گھنٹے کے اندر کامیاب انکشاف کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔ دیہی پولیس سپرنٹنڈنٹ (ایس پی) ساکشی کماری نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ قتل کی واردات رقم کے لین دین کے تنازع کے باعث انجام دی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ 14 جولائی کی صبح تقریباً 7:35 بجے اطلاع ملی کہ سکت پور تھانہ علاقے کے اُجیان کنک پور باشندہ منوج کمار ٹھاکر عرف لادین (38) کی اُجیان کالی مندر کے قریب رات کے وقت نامعلوم شخص نے قتل کر دیا ہے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی، لاش کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے دربھنگہ میڈیکل کالج اینڈ ہاسپٹل (ڈی ایم سی ایچ) روانہ کیا، جبکہ فارنسک سائنس لیبارٹری (ایف ایس ایل) کی ٹیم نے جائے وقوع سے اہم شواہد اکٹھا کیے۔
متوفی کے بھائی سنتوش کمار کی تحریری شکایت پر سکت پور تھانہ کاند نمبر 93/26 درج کرتے ہوئے بھارتیہ نیائے سنہتا (بی این ایس) کی دفعہ 103(1) کے تحت مقدمہ قائم کیا گیا اور فوری طور پر تفتیش شروع کر دی گئی۔
تحقیقات کے دوران پولیس نے جائے وقوع اور اس کے اطراف نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ اس سے معلوم ہوا کہ 13 جولائی کی رات تقریباً 10:45 بجے منوج کمار ٹھاکر اور کشن کامتی (50) کے درمیان جھگڑا ہوا تھا، جسے وہاں موجود لوگوں نے وقتی طور پر ختم کرا دیا تھا۔
بعد ازاں سی سی ٹی وی فوٹیج میں کشن کامتی رات تقریباً 11:51 بجے ہاتھ میں لکڑی کا ڈنڈا لیے جائے وقوع کی طرف جاتا اور رات 12:15 بجے خالی ہاتھ واپس آتا دکھائی دیا۔ اس بنیاد پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اسے حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی، جس کے دوران اس نے قتل میں اپنی ملوث ہونے کا اعتراف کر لیا۔پولیس کے مطابق ملزم نے انکشاف کیا کہ رقم کے لین دین کو لے کر ہونے والے تنازع کے بعد اس نے منوج کمار ٹھاکر کے سر پر لکڑی کے ڈنڈے سے وار کیا، جس سے اس کی موت واقع ہو گئی۔
گرفتار ملزم کی شناخت کشن کامتی (50)، ولد کُئیرا کامتی، ساکن اُجیان گڑھ ٹولہ، تھانہ سکت پور، ضلع دربھنگہ کے طور پر ہوئی ہے۔
اسے عدالتی تحویل میں بھیجنے کی کارروائی کی جا رہی ہے، جبکہ مقدمے کے دیگر پہلوؤں کی بھی تفتیش جاری ہے۔
اس کامیاب کارروائی میں تھانہ صدر اروِند کمار، سب انسپکٹر چارلی کماری، سپاہی ہری شنکر کمار، خاتون سپاہی شیوانی کماری، چوکیدار شبھم کمار اور چوکیدار پرتوش کمار نے اہم کردار ادا کیا۔
دیہی ایس پی ساکشی کماری نے کہا کہ قتل جیسے سنگین مقدمات کا فوری انکشاف اور ملزمان کی گرفتاری دربھنگہ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ سائنسی شواہد، جدید تفتیشی طریقوں اور فوری کارروائی کی بدولت پولیس نے مختصر وقت میں اس مقدمے کو کامیابی سے حل کیا، جبکہ دیگر پہلوؤں کی بھی باریک بینی سے تفتیش جاری ہے۔