Bihar
مفتی محمد جاوید اقبال کی علمی کاوش ’’تکبیر الرحمن شرح تیسیر القرآن‘‘ منظرِ عام پر
مونگیر:حضرت مولانا عبد الصمد رحمانیؒ کی معروف نصابی تصنیف ’’تیسیر القرآن‘‘ کی جامع اردو شرح ’’تکبیر الرحمن شرح تیسیر القرآن‘‘ شائع ہوکر اہلِ علم، اساتذہ اور طلبہ کے درمیان پہنچ چکی ہے۔ 556 صفحات پر مشتمل اس شرح کے مؤلف جامعہ رحمانی خانقاہ مونگیر کے استاذِ حدیث مفتی محمد جاوید اقبال قاسمی ہیں، جنہوں نے برسوں کی تدریسی تجربات اور محنت کے بعد اسے مرتب کیا ہے۔ اس علمی کاوش کی تکمیل پر امیر شریعت حضرت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی،دامت برکاتہم سجادہ نشیں خانقاہ رحمانی مونگیر نے گہری مسرت اور اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
’’تیسیر القرآن‘‘ کا بنیادی مقصد طلبہ کو فہمِ معانی قرآن کریم سے قریب کرنا اور انہیں مفردات قرآنی ، معانی، مادّوں، صرفی صیغوں اور نحوی تراکیب سے روشناس کرانا ہے۔ اس میں غیر مکرر قرآنی الفاظ کو بنیاد بناکر قرآن کی لغوی ساخت سے واقفیت پیدا کرنے کی کوشش کی گئی ہے، جس کی وجہ سے یہ کتاب عربی و علومِ دینیہ کے طلبہ کے لیے خاص اہمیت رکھتی ہے۔
’’تکبیر الرحمن‘‘ میں قرآنی اقتباسات کا سلیس ترجمہ، لغوی و صرفی تحقیق، مادّوں اور مشتقات کی وضاحت، واحد و جمع، نحوی ترکیب اور دقیق قرآنی تعبیرات کی تشریح پیش کی گئی ہے۔ ہر سبق کے بعد تمرینات بھی شامل ہیں، جبکہ آخر میں بعض مشکل قرآنی مقامات کا حل پیش کیا گیا ہے۔ اس طرح یہ شرح ’’تیسیر القرآن‘‘ کو سمجھنے اور اس سے بھرپور استفادہ کرنے میں طلبہ و اساتذہ کے لیے ایک مؤثر معاون بن گئی ہے۔ان خیالات کا اظہار جامعہ رحمانی کے شعبہ صحافت کے ایچ او ڈی جناب فضل رحمٰں رحمانی صاحب نے ایک پریس بیانیہ میں کیا۔
اس علمی کاوش کو امیرِ شریعت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی نے قرآنی زبان سے مناسبت پیدا کرنے والا ایک اہم تدریسی و تربیتی سرمایہ قرار دیا۔ فقیہ العصر مولانا خالد سیف اللہ رحمانی نے بھی اسے ’’تیسیر القرآن‘‘ کے مباحث کو آسان بنانے والی اہم شرح قرار دیا، جبکہ مولانا عبد الباسط محمد شرف الدین ندوی نے اپنی تحریر میں ’’تیسیر القرآن‘‘ کی علمی و تاریخی اہمیت اور ’’تکبیر الرحمن‘‘ کی ضرورت و افادیت کو اجاگر کیا ہے۔
مؤلف مفتی محمد جاوید اقبال قاسمی کے مطابق اس شرح کی تیاری کا مقصد طلبہ کو ’’تیسیر القرآن‘‘ سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کا موقع فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے خصوصاً مولانا مفتی ریاض احمد قاسمی کی حوصلہ افزائی اور روزانہ سبق کی تصحیح کا ذکر کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔
ساتھ ہی مصنف نے اپنے اساتذہ و مشائخ، بالخصوص مفکر اسلام حضرت مولانا سید محمد ولی صاحب رحمانیؒ، نیز جامعہ رحمانی کے استاذ حدیث حضرت مولانا عبد السبحان صاحب رحمانیؒ اور مولانا مفتی محمد انظر حسین قاسمی کی رہنمائی اور حوصلہ افزائی کا شکریہ ادا کیا، جن کی حوصلہ افزائی سے یہ کام تکمیل تک پہنچا۔واضح رہے کہ مولانا نے اس کتاب پر کام کرنے کا سلسلہ ان بزرگوں کی حیات میں ہی شروع کر دیا تھا۔
اہلِ علم کے مطابق ’’تکبیر الرحمن شرح تیسیر القرآن‘‘ قرآن کریم کی لغوی، صرفی اور نحوی تعلیم کے میدان میں ایک مفید اضافہ ہے اور مدارس کے طلبہ، اساتذہ اور قرآن کریم کو ترجمے کے ساتھ سمجھ کر پڑھنے کے خواہش مند اردو داں حضرات کے لیے نہایت سودمند ثابت ہوسکتی ہے۔کتاب کی قیمت 300 روپے مقرر کی گئی ہے۔ کتاب حاصل کرنے کے لیے دارالاشاعت خانقاہ مونگیر رابطہ کریں یا 7352174847 پر واٹس ایپ کریں۔