Bihar
مغربی چمپارن میں حضرت امیر شریعت وذمہ داران امارت کے دوروزہ تنظیمی،تعلیمی واصلاحی دورہ کا آغاز
(پی این این)
پٹنہ:ناظم امارت شرعیہ بہار،ڈیشہ جھارکھنڈ ومغربی بنگال جناب مولانا مفتی محمد سعیدالرحمن قاسمی صاحب نے اپنے ایک اخباری بیان میں بتایا کہ امارت شرعیہ کے زیر اہتمام ضلع مغربی چمپارن اوراس کے اطراف میں مورخہ ۱۲؍۱۳؍جون ۲۰۲۶ء کو کئی اہم تنظیمی ،تعلیمی واصلاحی اجلاسوں کا انعقادہونے جارہاہے ، ان تمام اجلاسوں کی صدرات مفکر ملت حضرت مولانا سید احمد ولی فیصل رحمانی مدظلہ امیر شریعت بہار،ڈیشہ جھارکھنڈ ومغربی بنگال وسجادہ نشیں خانقاہ رحمانی مونگیر فرمائیں گے۔ اس سلسلہ کاپہلا اجلاس تعلیمی بیداری کے عنوان سے ۱۲؍جون کو بعد نماز مغرب مدرسہ رحمانیہ ہاتھی خانہ بتیا میں منعقد ہوگا ، جس میں تعلیمی بیداری ،نظام مدارس کے تحفظ اور دینی مدارس کی ترقی کی راہیں جیسے موضوعات پر خطابا ت ہوں گے ۔جب کہ ۱۳؍جون کو صبح ۹؍بجے سے سواگتم میرج ہال ،منواپل ،بتیا کے وسیع وپررونق ہا ل میں ضلع مغربی چمپارن کے نقباء ،نائبین نقباء اور تنظیم امارت شرعیہ کے ضلعی وبلاک سطح کی کمیٹیوں کے ذمہ داران وارکان کا خصوصی تربیتی اجلاس ہونا ہے ، جس میں حاضرین کو معلوماتی وتربیتی نقطۂ نظر سے فکر امارت کی تفہیم ،خدمات امارت کے تعارف اورتنظیمی ذمہ داریوں سے واقف کراتے ہوئے کئی اہم پہلوؤں پر عملی تربیت بھی دی جائے گی ، اس موقع پر حضرت امیر شریعت دامت برکاتہم موجودہ حالات کو سامنے رکھتے ہوئے مدارس کے تحفظ ،شریعت کے عملی بقاء اور ملی مسائل کے حل کے سلسلہ میں اپنے کلیدی خطاب کے ذریعہ ضروری رہنمائی بھی فرمائیں گے ۔۱۳؍جون ہی کوبعد نماز مغرب ایک بڑا اصلاحی اجلاس مسلمانوں کی بڑی آبادی بھوگاڑی میں منعقد ہوگا جس کی تیاری نہایت زور وشور کے ساتھ کی گئی ہے اور بڑی تعداد میں اہل ایمان کی شرکت متوقع ہے ،ان تمام پروگراموں کا نظام امارت شرعیہ کے رکن شوریٰ وعاملہ ،ٹرسٹ،تنظیم امارت شرعیہ مغربی چمپارن کے ضلع سکریٹری اورامارت شرعیہ ایجوکیشنل اینڈ ویلفئر ٹرسٹ کے چیئرمین جناب ایڈوکیٹ ذاکر بلیغ صاحب نے اپنی سرکردگی میں اپنے رفقاء وتنظیم کے دیگر ذمہ داروں کے ساتھ نہایت ہی منظم اوربامقصد انداز میں مرتب کیا ہے ،محترم ناظم صاحب نے بتایاکہ ان تمام پروگراموں میں حضرت امیر شریعت مدظلہ اور خود ان کے علاوہ امارت شرعیہ کے صدر قاضی جناب مولانا مفتی محمد انظارعالم قاسمی صاحب ، نائب ناظم امارت شرعیہ جناب مولانا مفتی محمد سہراب ندوی صاحب ، رفیق پروجیکٹ مینجمنٹ مولانا محمد منہاج عالم ندوی صاحب اور قاضی شریعت بتیا جناب مولانا شمس الحق قاسمی صاحب شریک رہیں گے ۔
محترم جناب ناظم صاحب اورنائب ناظم صاحب نے جمعہ کی نمازبھی شہر بتیا میں اداکی ،ناظم صاحب کا خطاب شہر بتیا کی وسیع جامع مسجد واقع نزد مدرسہ اسلامیہ بتیا میں ہوا ، آپ نے اپنے خطا ب میںموجودہ حالات ومشکلات اورملت کو درپیش مسائل کا ذکرکرتے ہوئے ان کے حل کی طرف خصوصی رہنمائی فرمائی اورامارت شرعیہ کے دوروزہ پروگراموں کی ضرورت اور حضرت امیر شریعت مدظلہ العالی کی آمد کی اہمیت کو بیان کرتے ہوئے دونوں اجلاس عام میں عوام وخواص کو شرکت کی دعوت دی اورخصوصی تنظیمی اجلاس کی ضرورت کو سمجھایا،نائب ناظم امارت شرعیہ جنا ب مولانا مفتی محمد سہراب ندوی صاحب نے جنگی مسجد بتیا میں نماز جمعہ سے قبل خطاب کیا اور امارت شرعیہ کا سرزمین مغربی چمپارن سے جو دیرینہ رشتہ ہے اور بانی امارت شرعیہ کاجولگاؤ اس زمین سے رہاہے اس کا ذکر کرتے ہوئے اس تعلق کو مستحکم رکھنے کی دعوت دی اورحضرت امیرشریعت کی آمد کو باعث برکت بتاتے ہوئے ان کا حوصلہ مندانہ استقبال کرنے کی ترغیب دی ۔جمعہ کے بعد محترم ناظم صاحب نے نائب ناظم صاحب اور ایڈوکیٹ ذاکر بلیغ صاحب کے ہمراہ پروگراموں کے مقامات کا جائزہ لیا اور انتظامی نقطۂ نظر سے اجلاس کو بہتربنانے کے سلسلہ میں منتظمین کو کئی مفید مشورے دیئے۔ناظم صاحب نے امید ظاہر کی ہے کہ یہ سارے پروگرام ان شاء اللہ مفید اوربامقصد ہوں گے اوراس سے تنظیم امارت شرعیہ کے استحکام اورملت کی بیداری کی نئی راہیں کھلیں گی۔