دلی این سی آر

لائسنس اور این او سی کیلئے نہیں لگانے پڑیں گے دفاتر کے چکر:ریکھا

Published

on

(پی این این)
نئی دہلی:دہلی حکومت نے گڈ گورننس، شفافیت اور عوامی سہولیات کو مضبوط کرنے کی سمت میں اہم قدم اٹھاتے ہوئے 23 نئی خدمات کو دہلی رائٹ آف سٹیزن ٹو ٹائم باؤنڈ ڈیلیوری آف سروسز ایکٹ، 2011کے تحت مقررہ وقت میں خدمات کی فراہمی کے نظام میں شامل کیا ہے۔وزیراعلیٰ ریکھا گپتا نے پیر کو کہا کہ اس فیصلے سے عام شہریوں کے ساتھ ساتھ صنعت، تجارت، ہوٹل، سیاحت، تعمیرات اور سروس سیکٹر سے جڑے کاروباریوں اور عام لوگوں کو براہ راست فائدہ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ دہلی حکومت کا مقصد شہریوں اور کاروباریوں کو سرکاری خدمات مقررہ وقت کے اندر فراہم کرنا ہے۔ اب مختلف محکموں سے ملنے والی اہم اجازت، لائسنس، رجسٹریشن اور نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ (این او سی) طے شدہ وقت کے اندر جاری کیے جائیں گے۔ اس سے غیر ضروری تاخیر اور دفاتر کے چکر لگانے کے مسئلے میں کمی آئے گی۔ حکومت ملک کے دارالحکومت دہلی کو سرمایہ کاری، تجارت اور روزگار کے لیے مزید سازگار بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ مقررہ وقت میں خدمات کی فراہمی کا یہ نظام نہ صرف شہریوں کے حقوق کو یقینی بنائے گا بلکہ انتظامی جوابدہی کو بھی مضبوط کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کی قیادت میں ملک میں ایز آف ڈوئنگ بزنس کو فروغ دینے کے لیے مسلسل اصلاحات کی گئی ہیں۔ مرکزی حکومت کی اسی سوچ کو آگے بڑھاتے ہوئے دہلی حکومت بھی ایسے نظام تیار کر رہی ہے جس سے صنعتوں، تجارتی اداروں، اسٹارٹ اپس اور سروس سیکٹر کو زیادہ آسان ماحول مل سکے۔اب نئے نظام کے تحت محکمہ محنت میں فیکٹری پلان کی منظوری 15 دنوں میں اور شاپ اینڈ اسٹیبلشمنٹ ایکٹ کے تحت رجسٹریشن صرف ایک دن میں کیا جائے گا۔ دہلی جل بورڈ کے ذریعہ سیوریج کنکشن 15 دنوں میں فراہم کیا جائے گا، جبکہ دہلی ٹورازم اینڈ ٹرانسپورٹ ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے ذریعہ فلم کی شوٹنگ کی اجازت 15 دنوں کے اندر دی جائے گی۔ اس کے علاوہ محکمہ توانائی کے تحت بجلی کے میٹر سے متعلق درخواست اور کنکشن کے معاہدے کا عمل 60 دنوں میں مکمل کیا جائے گا۔ لیگل میٹرولوجی کے تحت دکانوں، صنعتوں اور تجارتی اداروں میں استعمال ہونے والے ناپ تول کے آلات کی رجسٹریشن کا کام 45 دنوں میں پورا کیا جائے گا۔ دہلی پلوشن کنٹرول کمیٹی (ڈی پی سی سی) کے ذریعہ بیٹری ویسٹ مینجمنٹ قوانین کے تحت بیٹری کے فضلے کو جمع کرنے، ذخیرہ کرنے، ٹرانسپورٹیشن اور ری سائیکلنگ سے متعلق سرگرمیوں کے لیے ضروری اجازت نامہ (آتھرائزیشن) 15 دنوں میں جاری کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ میونسپل کارپوریشن سے متعلق خدمات میں واٹر اسپورٹس اور ایڈونچر اسپورٹس آپریٹرز کی رجسٹریشن اور ایموزمنٹ پارک چلانے کی منظوری 60 دنوں میں، فوڈ بزنس کے لیے اسٹیٹ لائسنس کے واسطے مقامی ادارے کا این او سی 60 دنوں میں، ہوٹل رجسٹریشن یا آپریشن کی اجازت 60 دنوں میں اور مذبح کا لائسنس 60 دنوں میں جاری کیا جائے گا۔ موبائل ٹاور لگانے کی اجازت 30 دنوں میں اور تعمیراتی مواد کو جمع کرنے کی منظوری صرف ایک دن میں دستیاب کرائی جائے گی۔ محکمہ زراعت کے ذریعہ کیڑے مار دوا کنٹرول آپریشن لائسنس، فروخت کی رجسٹریشن اور بیج کے لائسنس کے عمل 21-21 دنوں میں مکمل کیے جائیں گے۔
محکمہ آبکاری کے تحت بار لائسنس 30 دنوں میں، آئی ایم ایف ایل کیٹیگری کے برانڈ؍لیبل کی رجسٹریشن 42 دنوں میں اور ایف ایل کیٹیگری کے برانڈ؍لیبل کی رجسٹریشن 42 دنوں میں کی جائے گی۔انہوں نے معلومات دی کہ محکمہ جنگلات اور جنگلی حیات کے ذریعہ دہلی پریزرویشن آف ٹریز ایکٹ کے تحت درختوں کی کٹائی سے متعلق اجازت کی درخواستوں پر 60 دنوں کے اندر فیصلہ کیا جائے گا۔ محکمہ پبلک ورکس (پی ڈبلیو ڈی) کے ذریعہ روڈ کٹنگ اور اس سے جڑے دیگر کاموں سے متعلق اجازت 45 دنوں میں فراہم کی جائے گی۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

رجحان ساز

Copyright © 2025 Probitas News Network