uttar pradesh
عشرہ عظمت صحابہ و اہل بیت کا پہلا پروگرام بگھرہ میں منعقد
دیوبند:تحفظ دین ختم نبوت ٹرسٹ اترپردیش کے زیر اہتمام جاری ’’عشرہ عظمت صحابہ و اہل بیت‘‘ کے سلسلہ کا پہلاپروگرام گزشتہ شب مرکزی مسجد بگھرہ میں منعقد ہوا، جس میں علماء کرام، ائمہ مساجد، دینی کارکنان اور عوام الناس کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔پروگرام کی صدارت معروف ڈاکٹر شمیم الحسن کی، جبکہ نظامت کے فرائض مولانا سہیل اختر رحیمی صدر تحفظ دین ختم نبوت ٹرسٹ نے انجام دیے۔ تلاوت کلامِ پاک اور نعت رسول مقبول کے بعد اجلاس کا آغاز ہوا۔ابتدائی نشست میں مولانا مشرف علی قاسمی نے تمہیدی کلمات پیش کرتے ہوئے عشرہ عظمتِ صحابہ و اہل بیت کے اغراض و مقاصد بیان کیے۔ انہوں نے کہا کہ صحابہ کرام اور اہل بیت اطہار اسلام کے وہ روشن ستارے ہیں جن کی محبت ایمان کا حصہ اور جن کی سیرت امت کے لیے مشعل راہ ہے۔ موجودہ دور میں ان عظیم ہستیوں کے فضائل و مناقب کو عام کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔اجلاس کے خطیب خصوصی مولانا مہتاب عالم قاسمی مہتمم مدرسہ مدینۃ العلوم جولی نے اپنے خطاب میں صحابہ و اہل بیت کی عظمت و فضیلت پر قرآن و حدیث کی روشنی میں مدلل گفتگو کی۔مولانا مہتاب عالم قاسمی نے مزید کہا کہ امتِ مسلمہ کی کامیابی اسی میں ہے کہ وہ صحابہ کرام اور اہل بیت دونوں سے محبت کا تعلق مضبوط کرے اور ان کی تعلیمات کو اپنی زندگیوں میں نافذ کرے۔ انہوں نے نوجوان نسل کو عقائدِ صحیحہ کی حفاظت اور اکابر امت کے نقشِ قدم پر چلنے کی تلقین کی۔کنوینر پروگرام مولانا مفتی صلاح الدین نے حاضرین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام عوام میں صحیح دینی شعور بیدار کرنے اور نسلِ نو کے عقائد کے تحفظ میں اہم کردار ادا کریں گے۔اس موقع پر قاری محمد شاہ نواز، مولانا وقار عالم، مولانا شاہ نواز اور دیگر علماء کرام بھی شریک رہے۔