uttar pradesh

عالمی یومِ ہنرمندیِ نوجوانان کے موقع پر3 روزہ کروشیا ورکشاپ اور ہنر نمائش کا انعقاد

Published

on

علی گڑھ:علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے سینٹر فار اسکل ڈیولپمنٹ اینڈ کیریئر پلاننگ (سی ایس ڈی اینڈ سی پی) کے زیر اہتمام عالمی یومِ ہنرمندیِ نوجواناں 2026 کے موقع پر 13 تا 15 جولائی ”ہک، یارن اینڈ کری ایٹوٹی: لرن کروشیا فرام اسکریچ“ کے عنوان سے تین روزہ عملی تربیتی ورکشاپ منعقد کی گئی، جس کے اختتام پر شرکاء کی تیار کردہ مصنوعات کی ایک ہنر نمائش بھی سجائی گئی۔
نمائش میں گارمنٹ میکنگ، فیشن السٹریشن اینڈ اسکیچنگ، ٹیکسٹائل ڈیزائننگ اور مرکز کی جانب سے گزشتہ چند ماہ کے دوران منعقد کیے گئے دیگر ہنر مندی پروگراموں میں شریک طلبہ کے تیار کردہ منصوبے اور تخلیقی نمونے پیش کیے گئے۔ اس موقع پر سینٹر آف کنٹی نیواِنگ اینڈ ایڈلٹ ایجوکیشن اینڈ ایکسٹینشن کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شمیم اختر، جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج کے شعبہ کمیونٹی میڈیسن کے پروفیسر سلمان خلیل اور شعبہ تعلیم کے ڈاکٹر محمد شاکر بھی موجود تھے۔
اپنے خطاب میں ڈاکٹر شمیم اختر نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے، تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دینے اور زندگی بھر سیکھنے کے رجحان کو مستحکم کرنے میں ہنر پر مبنی تعلیم کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے عالمی یومِ ہنرمندیِ نوجواناں کے جذبے کے مطابق پیشہ ورانہ مہارتوں اور پائیدار دستکاری کو فروغ دینے کے لیے مرکز کی کوششوں کو سراہا۔
پروفیسر سلمان خلیل نے شرکاء کی تخلیقی صلاحیتوں اور کاروباری امکانات کی تعریف کرتے ہوئے انہیں ترغیب دی کہ وہ اپنے حاصل کردہ ہنر کو خود روزگار اور آمدنی کے مواقع میں تبدیل کریں۔
ڈاکٹر محمد شاکر نے طلبہ کے جوش و جذبے کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کے پروگرام شخصیت سازی، روزگار کے امکانات میں اضافے اور نوجوانوں میں ہنر پر مبنی تعلیم کے بڑھتے ہوئے رجحان کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
نمائش کی نگرانی سینٹر کی اسٹوڈنٹ کاؤنسلر ڈاکٹر ثمرین حسن خان نے ٹرینرز ادیبہ سلیم، صنوبر اور زینت بانو کے تعاون سے کی۔ ڈاکٹر ثمرین حسن خان نے کہا کہ اس طرح کی سرگرمیاں طلبہ میں عملی مہارت، تخلیقی صلاحیت، خود انحصاری اور چھوٹے پیمانے پر کاروباری صلاحیتوں کو فروغ دینے کے لیے مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرتی ہیں۔
کروشیا کی تربیتی نشستیں کری ایٹو کروشیا کی سربراہ محترمہ زینت بانو نے منعقد کیں، جنہوں نے عملی مشقوں اور تعاملی مظاہروں کے ذریعے شرکاء کو کروشیا کے بنیادی اصول، مختلف ٹانکے، دھاگے کے استعمال، ڈیزائن سازی، تکمیلی تکنیکوں اور آرائشی و استعمالی اشیا کی تیاری کی تربیت دی۔
ورکشاپ میں تقریباً 50 طلبہ نے شرکت کی، جبکہ عالمی یومِ ہنرمندیِ نوجواناں 2026 کے موضوع ”اسکِلس فار اے شیئرڈ فیوچر“ پر منعقدہ نعرہ نویسی مقابلے میں بھی 20 سے زائد طلبہ نے پُرجوش انداز میں حصہ لیا۔
پروگرام کے اختتام پر ورکشاپ، مقابلوں، اورینٹیشن سیشنز اور مرکز کی جانب سے منعقدہ دیگر ہنر مندی سرگرمیوں میں شریک طلبہ کو اسناد تقسیم کی گئیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

رجحان ساز

Copyright © 2025 Probitas News Network