Bihar

عالمی ماحولیاتی دن پر نالندہ کالج میں شجرکاری مہم

Published

on

(پی این این)
بہار شریف:عالمی ماحولیاتی دن کے موقع پر نالندہ کالج، بہار شریف میں جمعرات کو ماحولیاتی تحفظ اور بیداری کا پروگرام منعقد کیا گیا۔ اس موقع پر کالج احاطے میں وسیع پیمانے پر پودے لگانے کی مہم چلائی گئی اور طالبات و طلباء نے زیادہ سے زیادہ پودے لگانے اور ان کی دیکھ بھال کرنے کا عہد کیا۔پروگرام کا آغاز پٹلی پتر یونیورسٹی کے امتحانی کنٹرولر پروفیسر منوج کمار اور کالج کی پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر سنیتا سنہا کے ہاتھوں پودا لگانے سے کیا گیا۔ احاطے کے مختلف مقامات پر سایہ دار اور پھل دار پودے لگائے گئے۔
موجود اساتذہ اور طلباء سے خطاب کرتے ہوئے امتحانی کنٹرولر ڈاکٹر منوج کمار نے کہا کہ بڑھتے ہوئے آلودگی، موسمیاتی تبدیلی اور قدرتی وسائل کے بے دریغ استحصال کی وجہ سے ماحولیات شدید بحران کا سامنا کر رہا ہے۔ ایسے میں ہر فرد کی ذمہ داری ہے کہ وہ شجر کاری کو عوامی تحریک کا روپ دے اور فطرت کے تحفظ میں فعال کردار ادا کرے۔پرنسپل پروفیسر سنیتا سنہا نے کہا کہ درخت صرف ماحول کو پاک ہی نہیں کرتے، بلکہ انسانی زندگی کے وجود کی بنیاد بھی ہیں۔ انہوں نے طلباء سے اپیل کی کہ وہ صرف پودے لگا کر ہی اپنی ذمہ داری پوری نہ سمجھیں، بلکہ ان کے تحفظ اور افزائش کا بھی عہد کریں۔
پروگرام کے دوران طالبات و طلباء نے عہد کیا کہ وہ اپنی زندگی میں باقاعدگی سے پودے لگائیں گے، پانی اور توانائی کا تحفظ کریں گے اور ماحول کو صاف و سرسبز بنانے کے لیے لوگوں کو بیدار کریں گے۔اس موقع پر انگریزی شعبے کے سربراہ پروفیسر رگھناتھ پرساد کچھوے، معاشیات شعبے کے سربراہ ڈاکٹر سارودمن کشیپ، ڈاکٹر مرتیونجے کمار سنگھ، ونے کمار، جتیندر کمار سمیت اساتذہ، ملازمین اور بڑی تعداد میں طالبات و طلباء موجود رہے۔ پورے پروگرام میں ماحولیاتی تحفظ کے تئیں جوش اور بیداری کا ماحول دیکھنے کو ملا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

رجحان ساز

Copyright © 2025 Probitas News Network