دلی این سی آر
طلبا کے ساتھ بربریت بے حد شرمناک:کجریوال
نئی دہلی: پیر کے روز جنتر منتر پر پُرامن مظاہرے کے باوجود لاٹھی چارج کے بعد نوجوانوں کو پریشان کرنے کے لیے ان کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کرنے کی کوششوں کے پیش نظر عام آدمی پارٹی ان کی مدد کے لیے آگے آئی ہے۔ آپ کے قومی کنوینر اروند کیجریوال نے خود سامنے آکر ان بچوں اور ان کے والدین کو قانونی اور طبی مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کے ساتھ کی گئی بربریت انتہائی شرمناک ہے۔ مودی حکومت کی بربریت کا شکار طلبہ کے ساتھ عام آدمی پارٹی کھڑی ہے۔ آپ سب ہمارے بچے ہیں۔ بالکل گھبرائیے نہیں، ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ یہ لڑائی ہم مل کر لڑیں گے۔ قانونی یا طبی مدد کے لیے 8588833548 پر کال کریں۔ عام آدمی پارٹی کی قانونی اور طبی ٹیم فوری مدد کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم آپ کے لیے بہترین ممکنہ قانونی ٹیم دستیاب کرائیں گے۔ منگل کے روز آپ کے مرکزی دفتر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے قومی کنوینر اروند کیجریوال نے کہا کہ پیر کے روز مودی حکومت نے ہمارے ملک کے بچوں اور نوجوانوں پر جس طرح بربریت کے ساتھ حملہ کیا، مجھے لگتا ہے کہ تاریخ میں ایسا کبھی دیکھنے کو نہیں ملا۔ مودی جی نے تو انگریزوں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ شاید انگریزوں نے بھی کبھی آزادی کے متوالوں پر اس طرح لاٹھی چارج یا حملہ نہیں کیا ہوگا، جس طرح مودی حکومت نے پیر کے روز اپنے ہی ملک کے بچوں پر کیا۔ اروند کیجریوال نے کہا کہ سوشل میڈیا پر ایسی بے شمار ویڈیوز موجود ہیں، جن میں بچے پولیس کے سامنے گڑگڑا رہے ہیں اور لڑکیاں ہاتھ جوڑ رہی ہیں، لیکن پولیس مسلسل ان کی پٹائی کر رہی ہے۔ کئی ویڈیوز میں دکھائی دے رہا ہے کہ نہتے بچوں پر بغیر کسی اشتعال کے حملہ کیا جا رہا ہے۔ میں نے دیکھا کہ دو تین پولیس اہلکار کھڑے ہیں اور وہاں سے گزرنے والے ہر بچے پر بلاوجہ لاٹھیاں برسا رہے ہیں۔ کئی مقامات پر جہاں اس کی کوئی ضرورت ہی نہیں تھی اور صرف 20-25 بچے بیٹھے ہوئے تھے، وہاں بھی آنسو گیس کے گولے داغے گئے۔ اروند کیجریوال نے کہا کہ بچوں کے خلاف کئی جھوٹی ایف آئی آر درج کی گئی ہیں۔ میں نے سوشل میڈیا پر دیکھا کہ کئی والدین لکھ رہے ہیں کہ ان کے بچے لاپتہ ہیں اور ان کا کچھ پتہ نہیں چل رہا۔ ممکن ہے پولیس انہیں اٹھا کر کسی جیل یا نامعلوم مقام پر لے گئی ہو اور کوئی کچھ بتانے والا نہ ہو۔ اس طرح کی بربریت آج تک کبھی دیکھنے کو نہیں ملی۔ ایسا لگتا ہے کہ مودی جی نے جلیانوالہ باغ کے جنرل ڈائر کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ کچھ لوگوں کا تو یہاں تک کہنا ہے کہ شاید جنرل ڈائر کی روح نے ہی مودی جی کے شکل میں جنم لیا ہے۔ اروند کیجریوال نے کہا کہ ابھی کچھ دیر پہلے مودی حکومت کی پولیس نے ایک پریس ریلیز جاری کرکے دھمکی دی ہے کہ پیر کے روز مظاہرے میں حصہ لینے والے تمام لوگوں کے خلاف سخت ایف آئی آر درج کی جائے گی۔ میں مودی جی سے کہنا چاہتا ہوں کہ یہ ملک آپ کے والد کا نہیں ہے، یہ 140 کروڑ لوگوں کا ملک ہے۔ اس طرح کی دھمکیاں دینا بند کیجیے، ورنہ ملک کے عوام آپ کو ایسا سبق سکھائیں گے کہ تاریخ یاد رکھے گی کہ اس ملک میں ایک آمر کا کیا حشر ہوا تھا۔ انہوں نے ملک کے بچوں اور ان کے والدین کو یقین دلاتے ہوئے کہا کہ آپ بالکل فکر نہ کریں، ہم سب ایک ساتھ ہیں۔ ہم آپ کے بچوں کو کچھ نہیں ہونے دیں گے۔اروند کیجریوال نے ہیلپ لائن نمبر 8588833548 جاری کرتے ہوئے کہا کہ اگر کسی کو قانونی مدد کی ضرورت ہے، کسی کا بچہ نہیں مل رہا ہے، بچوں کے خلاف جھوٹا مقدمہ درج کر دیا گیا ہے یا انہیں گرفتار کر لیا گیا ہے، تو وہ اس نمبر پر رابطہ کر سکتے ہیں۔ عام آدمی پارٹی نے ایک قانونی ٹیم تشکیل دی ہے، جو آپ کی مدد کرے گی۔ ضرورت پڑنے پر ملک کے بڑے سے بڑے وکیل کو بھی آپ کے بچوں کے لیے کھڑا کریں گے۔ کسی کو گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔ مودی جی اپنی دھمکیاں اپنی جیب میں رکھیں، یہ ملک آپ کی دھمکیوں سے ڈرنے والا نہیں ہے۔ ہم 140 کروڑ لوگ ایک ساتھ ہیں۔ آپ نے اس ملک کے نوجوانوں اور بچوں پر حملہ کرکے پورے 140 کروڑ لوگوں پر حملہ کیا ہے۔ اگر کسی کو طبی یا کسی بھی دوسری قسم کی مدد کی ضرورت ہے تو وہ ہیلپ لائن نمبر پر کال کرنے کے بجائے پیغام بھیجیں۔ پیغام ملتے ہی ہماری ٹیم فوری طور پر رابطہ کرے گی اور ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔