Bihar

ضیاء اسلامک اکیڈمی، جوگبنی میںجوش و خروش سے منایا گیا یومِ تاسیس

Published

on

(پی این این)
ارریہ:ہند نیپال سرحد پر واقع معروف تعلیمی ادارہ ضیاء اسلامک اکیڈمی، جوگبنی کے قیام کے تین سال مکمل ہونے کے موقع پر ایک شاندار اور پُروقار یومِ تاسیس تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب اکیڈمی کے ڈائریکٹر عبدالرحمن ضیاء رحمانی کی نگرانی میں منعقد ہوئی، جس میں علاقے کی علمی، سماجی اور تعلیمی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کی صدارت مولانا جمیل احمد مظاہری، استاذِ حدیث و ناظمِ تعلیمات جامعہ رحمانی مونگیر نے فرمائی، جبکہ مہمانِ خصوصی کے طور پر سیمانچل کے معروف سماجی رہنما اور سابق ایم ایل اے جناب ذاکر حسین خان شریک ہوئے۔
مہمانانِ اعزازی میں مولانا شاہنواز بدر قاسمی (بانی و چیئرمین وژن انٹرنیشنل اسکول، سہرسہ)، سابق چیئرمین انور راج، خورشید خان (ڈائریکٹر زینیتھ پبلک اسکول، جوگبنی)، منا خان (سابق مکھیا، امونا)، مفتی انصار قاسمی (نائب مہتمم جامعتہ القاسم)، مولانا اسامہ قاسمی (سمستی پور)، مولانا عبادہ شکیل قاسمی (پھلواری شریف، پٹنہ)، مولانا عبدالودود رحمانی، ریسرچ اسکالر رمیقہ ہاشمی اور پروفیسر صابر ادریس سمیت متعدد اہم شخصیات موجود رہیں۔
اس موقع پر طلبہ نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ شرکت کرتے ہوئے ضیاء اسلامک اکیڈمی کے تین سالہ تعلیمی سفر اور ادارے کی نمایاں کامیابیوں کو مؤثر انداز میں حاضرین کے سامنے پیش کیا۔ تقریب میں شریک مہمانوں کا شال اور گلدستے پیش کرکے پرتپاک استقبال کیا گیا۔ اپنے خطاب میں مہمانِ خصوصی ذاکر حسین خان نے کہا کہ ضیاء اسلامک اکیڈمی علاقے کی ایک اہم تعلیمی ضرورت کو پورا کر رہی ہے اور وہ اس ادارے کے تعلیمی مشن کے ساتھ ہمیشہ کھڑے رہیں گے۔ مولانا شاہنواز بدر قاسمی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ضیاء اسلامک اکیڈمی ایک مثالی ادارہ ہے جہاں ایک ہی چھت کے نیچے دینی اور عصری تعلیم کا بہترین انتظام موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ادارہ نئی نسل کی ہمہ جہت تربیت میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ منا خان نے کہا کہ ضیاء اسلامک اکیڈمی نے مختصر مدت میں یہ ثابت کر دیا ہے کہ معیاری تعلیم صرف صاحبِ حیثیت طبقے تک محدود نہیں، بلکہ غریب اور متوسط گھرانوں کے بچوں کو بھی ترقی کے یکساں مواقع فراہم کیے جا سکتے ہیں۔ دیگر مقررین نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ وہ ضیاء اسلامک اکیڈمی جیسے معیاری تعلیمی اداروں کے ساتھ جڑیں اور نئی نسل کے روشن مستقبل کے لیے ان کا بھرپور تعاون کریں۔
پروگرام کے اختتام پر اکیڈمی کے ڈائریکٹر عبدالرحمن ضیاء رحمانی اور منیجنگ ڈائریکٹر راشد انور نے تمام مہمانوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ بعد ازاں مولانا جمیل احمد مظاہری نے درسِ مشکوٰۃ شریف کا باقاعدہ افتتاح فرمایا، حدیثِ نبوی ﷺ کی اہمیت، فضیلت اور افادیت پر نہایت مؤثر خطاب کیا۔ دعا کے ساتھ یہ بابرکت مجلس اختتام پذیر ہوئی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

رجحان ساز

Copyright © 2025 Probitas News Network