Bihar

شیرگھاٹی میں سیرت النبیؐکوئز مقابلہ کی شاندار تقریب کا انعقاد

Published

on

شیرگھاٹی:(پی این این) اہلِ سنت فاؤنڈیشن، سب ڈویژن شیرگھاٹی کی جانب سے طلبہ و طالبات میں سیرتِ طیبۂ رسولِ اکرم ﷺ سے محبت، دینی شعور اور علمی ذوق پیدا کرنے کے مقصد سے منعقدہ سیرت النبی ﷺ کوئز مقابلہ کے کامیاب انعقاد کے بعد آج بروز اتوار، 13 ستمبر 2026ء کو نور کمیونٹی میرج ہال، لودی شہید، شیرگھاٹی میں تقریبِ تقسیمِ انعامات و اسناد نہایت شاندار اور پُروقار انداز میں منعقد ہوئی۔
واضح رہے کہ 6 ستمبر کو منعقد ہونے والے اس کوئز مقابلے میں شیرگھاٹی کے مختلف مدارس، اسکولوں، کوچنگ سینٹروں اور تعلیمی اداروں سے تعلق رکھنے والے 900 سے زائد طلبہ و طالبات نے جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی تھی۔ مقابلے میں سیرتِ رسولِ اکرم ﷺ، اخلاق و کردار، شمائل و خصائل، غزوات، اہلِ بیتِ اطہار، صحابۂ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین اور اسلامی تاریخ سے متعلق سوالات شامل کیے گئے تھے۔
تقریبِ تقسیمِ انعامات کو طلبہ و طالبات کی سہولت کے پیشِ نظر دو حصوں میں منعقد کیا گیا۔ صبح 9 بجے سے 11 بجے تک طلبہ جبکہ دوپہر 12 بجے سے 2 بجے تک طالبات کے لیے پروگرام منعقد ہوا۔ دونوں نشستوں میں طلبہ و طالبات، والدین، اساتذہ، علمائے کرام اور معززینِ شہر کی ایسی کثیر تعداد شریک ہوئی کہ نور کمیونٹی میرج ہال اپنی گنجائش کے اعتبار سے چھوٹا محسوس ہونے لگا۔ شہر میں پروگرام کی غیر معمولی شرکت اور پُرجوش ماحول نے اہلِ شیرگھاٹی کی توجہ اپنی جانب مبذول کرائی۔
پروگرام کی صدارت حضرت علامہ و مولانا شمیم خان صاحب نے فرمائی، جبکہ سرپرستی حضرت علامہ مفتی مظفر حسین مصباحی صاحب قاضی شہر گیا نے فرمائی۔ یہ پروگرام حضرت مولانا سرفراز خان صاحب خطیب و امام لودی شہید مسجد (شیر گھاٹی )کے زیر نگرانی نہایت ہی اہتمام کے ساتھ منعقد کیا گیا اس موقع پر مولانا حامد صاحب، مولانا طاہر صاحب حافظ آصف صاحب،مفتی تحسین صاحب ،مفتی فضیل صاحب ،مفتی صدام ازہری صاحب ،مولانا سیدشاداب منظر ،قاری شرافت صاحب مولانا شارق صاحب ،حافظ ساجد صاحب، مولانااشرف صاحب، مولانا امتیاز صاحب،حافظ مدثر نظر صاحب، قاری توقیر صاحب ،حافظ شبیرصاحب،حافظ سرفراز صاحب،حافظ ممتاز صاحب، مولانا ندیم صاحب ،سید شعیب عالم ، شمس تبریز، نسیم سر ،احسان سر ،دلشاد سر ،عمران علی صاحب،محمد علی،معین اشرفی ،کیفی سر ،سید نجیب اختر ،دانشسر،اکرام سر ،وسیم خان سر ،سرفرازسر،الحاج سبکتگین خان،شبیر فردوسی صاحب، سہراب خان صاحب، کلام الدین سر سمیت علاقے کے متعدد جید علمائے کرام، ائمۂ مساجد، مفتیانِ عظام، اساتذہ اور دانشورانِ قوم و ملت نے شرکت فرمائی اور طلبہ و طالبات کی حوصلہ افزائی کی۔
تقریب میں کوئز مقابلے میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ و طالبات کو خصوصی طور پر اعزاز سے نوازا گیا۔ اول پوزیشن حاصل کرنے والے تین طلبہ و طالبات کو سِلائ مشن، میڈل اور اسناد پیش کرکے ان کی حوصلہ افزائی کی گئی، جبکہ دیگر نمایاں کامیاب طلبہ و طالبات کو ٹیبل فین، میڈل اور اسناد سے نوازا گیا۔ اس کے علاوہ مقابلے میں شریک سینکڑوں طلبہ و طالبات کو میڈل، جائے نماز، قلم اور سندِ شرکت پیش کی گئی۔انعامات اور اسناد کی یہ وسیع سطح پر تقسیم تقریب کا ایک نمایاں اور منفرد پہلو رہی، جس کے باعث طلبہ و طالبات کے چہروں پر خوشی، جوش اور حوصلے کے نمایاں آثار دیکھنے میں آئے۔ والدین اور اساتذہ نے بھی اہلِ سنت فاؤنڈیشن کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے اسے نئی نسل کی دینی و اخلاقی تربیت کے لیے ایک مؤثر قدم قرار دیا۔
اس موقع پر علمائے کرام نے اپنے خطابات میں کہا کہ نئی نسل کو سیرتِ رسولِ اکرم ﷺ سے جوڑنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ سیرت النبی ﷺ سے متعلق علمی و تعلیمی سرگرمیاں بچوں کے اندر محبتِ رسول ﷺ، دینی شعور، اخلاق و کردار، مطالعے کا ذوق اور اسلامی شناخت کو مضبوط کرتی ہیں۔ ایسے پروگرام محض ایک مقابلہ نہیں بلکہ نسلِ نو کی فکری و اخلاقی تربیت کا مؤثر ذریعہ ہیں۔اہلِ سنت فاؤنڈیشن کی جانب سے منعقدہ اس پروگرام نے شیرگھاٹی میں سیرتِ رسول ﷺ کے حوالے سے ایک نئی علمی و تعلیمی فضا قائم کرنے کا پیغام دیا۔ 900 سے زائد طلبہ و طالبات کی شرکت اور تقسیمِ انعامات کے موقع پر عوام کی غیر معمولی موجودگی اس بات کا واضح ثبوت رہی کہ شہر کے عوام اپنی نئی نسل کو سیرتِ مصطفیٰ ﷺ سے وابستہ دیکھنے کے خواہاں ہیں۔تقریب کے اختتام پر اہلِ سنت فاؤنڈیشن کی جانب سے تمام علمائے کرام، اساتذہ، تعلیمی اداروں، والدین، معاونین، منتظمین اور تمام شرکائے پروگرام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا گیا، جن کے تعاون سے یہ عظیم الشان پروگرام کامیابی سے ہمکنار ہوا۔ پُروقار، پُرجوش اور روح پرور ماحول میں منعقد ہونے والی یہ تقریب شیرگھاٹی کی دینی و تعلیمی سرگرمیوں میں ایک نمایاں یادگار کے طور پر اپنی ایک منفرد شناخت قائم کر گئی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

رجحان ساز

Copyright © 2025 Probitas News Network