uttar pradesh
شاہ ولی اللہ اسلامک اکیڈمی کے جانب سے تعزیتی نشست منعقد،حال میں انتقال کرنے والے علماء کرام کے لئے ایصال ثواب کا اہتمام کیاگیا
(پی این این)
دیوبند:مظفر نگر کے علمی ادارہ شاہ ولی اللہ اسلامک اکیڈمی جامع مسجد حوضوالی مظفر نگر میں حالیہ دنوں میں انتقال کر گئے حضرات علماء کرام کے ایصال ثواب ودعاء مغفرت کیلئے خصوصی تعزیتی مجلس منعقد کی گئی ،جس میں قرآن کریم پڑھ کر ایصال ثواب کا اہتمام کیا گیا ۔
قرآن خوانی کے بعد جن مرحومین کا ذکر خیر کیا گیا ان میں مولانا ماسٹر سید انظر حسین میاں دیوبندی رکن شوری دار العلوم دیوبند مولانا سید محمد سلمان حسنی ندوی منصور پوری بانی جامعہ سید احمد شہید کٹولی لکھنؤ ،مولانا محمد ارشد مفتاحی ناظم تعلیمات مدرسہ انعام العلوم قدوائی نگر مظفر نگر ومولانا مفتی محمد غیور ہرسولوی مظاہری استاذ حدیث مدرسہ تعلیم القرآن جولا شامل ہیں ۔مجلس کی صدارت نقوش عمل ڈیجیٹل اردو پیج کے ایڈیٹر قاری محمد خالد بشیر قاسمی نے کرتے ہوئے کہا علماء کرام کی رحلت امت کے لئے عظیم خسارہ ہے ۔
علماء کرام ومشائخ عظام علم و عمل کے روشن چراغ ہوتے ہیں، گزشتہ ایک دہائی میں کثیر تعداد میں دنیا سے رخصت ہوئے ہیں جنکی رحلت کی وجہ سے پیدا ہونے والے خلا کو ہر خاص و عام محسوس کررہا ہے، علماء کرام واہل اللہ میں ہر ایک شخصیت کی شان جدا ہوتی ہے جسکی وجہ سے انکی علمی فکری اصلاحی تحقیقی خدمات الگ الگ ہوتی ہیں جس سے امت کو نفع پہنچتا ہے ۔اس موقع پر مفتی حکیم عبدالستار قاسمی، محبوب عالم انصاری ایڈووکیٹ ،ماسٹر اختر خان قاری ظریف احمد نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور مرحومین کو خراج عقیدت پیش کیا ۔
مجلس کے آخر میں مولانا سید انظر حسین میاں دیوبندی ، مولانا سید محمد سلمان ندوی ،مولانا محمد ارشد مفتاحی مظفر نگری، مفتی محمد غیور ہرسولوی مظاہری کے اہل خانہ کے نام تعزیتی پیغام جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔مجلس کا اختتام قاری ظریف احمد کی رقت آمیز دعا پر ہوا۔