uttar pradesh
سی ایم چہرہ تبدیل نہ ہوا تو بی جے پی کو نہیں ملیں گےووٹ : ششی بالاپنڈیر
دیوبند:(پی این این)بی جے پی کی سابق رکن اسمبلی ششی بالا پنڈیر نے کہا ہے کہ موجودہ وقت میں پارٹی کے اندر پرانے کارکنوں کو وہ احترام نہیں مل رہا جس کے وہ حقدار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر آئندہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی قیادت اترپردیش میں وزیر اعلیٰ کا چہرہ تبدیل نہیں کرتی تو پارٹی کو ووٹ نہیں ملیں گے۔ آج شہر کی درگا کالونی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ششی بالا پنڈیر نے کہا کہ وہ چاہتی ہیں کہ2027 میں اترپردیش میں ایک بار پھر بی جے پی کی حکومت بنے، تاہم وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے بجائے کسی دوسرے شخص کو وزیر اعلیٰ بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ بی جے پی میں کئی ایسے لیڈر موجود ہیں جو وزیر اعلیٰ بننے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت اترپردیش میں روزگار کی صورتحال انتہائی خراب ہے اور نوجوان روزگار کے لیے در در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔ کوآپریٹیو گنا سمیتیوں میں کھاد کی شدید قلت ہے جبکہ کسانوں کو گنے کی ادائیگی بھی بروقت نہیں ہو رہی۔ ان کے مطابق ریاست میں جرائم کم ہونے کے بجائے بڑھ رہے ہیں، اس لیے اترپردیش میں وزیر اعلیٰ کو تبدیل کیا جانا ضروری ہے۔
سہارنپور کلکٹریٹ احاطے میں واقع مسجد کی مسماری سے متعلق سوال پر ششی بالا پنڈیر نے کہا کہ وہ ہمیشہ وہی بات کہتی ہیں جسے سچ سمجھتی ہیں۔ انہوں نے مسجد منہدم کیے جانے کے فیصلے کو عجلت میں کیا گیا فیصلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس معاملے میں جلد بازی سے کام لیا گیا ہے۔