دلی این سی آر
سود نے نیٹ یو جی دوبارہ امتحان کی تیاریوں کالیاجائزہ
(پی این این)
نئی دہلی: دہلی کے وزیر تعلیم آشیش سود نے امتحان مرکز پہنچ کر نیٹ یو جی دوبارہ امتحان کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ سود نے نیٹ یو جی دوبارہ امتحان کی تیاریوں کے پیش نظر آج یہاں پنڈارا روڈ سی ایم شری اسکول کا دورہ کر کے وہاں کے انتظامات کا معائنہ کیا۔
اس دوران محکمہ تعلیم کے سینئر افسران اور متعلقہ ایس ڈی ایم بھی موجود تھے۔ معائنے کے بعد مسٹر سود نے بتایا کہ نیٹ کے امتحان کے لیے مرکزی وزارت تعلیم نے پوری دہلی میں کئی مقامات پر کامیاب اور ہموار انعقاد کے لیے موثر انتظامات کیے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ 21 جون کو منعقد ہونے والے نیٹ کے امتحان کے لیے دہلی میں بڑی تعداد میں سرپرست اپنے بچوں کے ساتھ دور دراز علاقوں سے امتحانی مراکز تک پہنچتے ہیں۔ اس بات کو ذہن میں رکھتے ہوئے ہر امتحانی مرکز پر تقریباً 2500 مربع فٹ کے ایئر کنڈیشنڈ اور آرام دہ کولنگ زون بنائے گئے ہیں، جہاں سرپرست اور طلبہ امتحان سے قبل آرام کر سکیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کولنگ زون میں بیٹھنے کی سہولت، پینے کا صاف پانی، شکنجی، او آر ایس اور ابتدائی طبی امداد دستیاب ہوں گی تاکہ سرپرستوں اور بچوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ اگر طلبہ مقررہ وقت سے پہلے امتحانی مرکز پہنچتے ہیں تو وہ بھی ان کولنگ زون کا استعمال کر سکتے ہیں۔
وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا خود تیاریوں کی مسلسل نگرانی کر رہی ہیں اور تمام متعلقہ محکموں کو ضروری ہدایات دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود مختلف امتحانی مراکز کا دورہ کر کے انتظامات کا جائزہ لے رہے ہیں۔
سود نے یہ بھی کہا کہ حکومت نے نیٹ کے امتحان کے لیے پوری دہلی میں 97 امتحانی مراکز بنائے ہیں جن میں 69 سرکاری اسکول اور 28 مرکزی ودیالیہ شامل ہیں۔ ان امتحانی مراکز کے آس پاس ضلع انتظامیہ اور پولیس نے سکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہلی میں پہلی بار ایسے وسیع انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ نیٹ امتحان دینے والے طلبہ اور ان کے سرپرستوں کو شدید گرمی کے دوران کسی قسم کی تکلیف نہ ہو۔