Bihar
سمراٹ کابینہ نے 24 ایجنڈوں پر لگا ئی مہر ,22,891 آسامیوں پر تقرری کی منظوری، پٹنہ اور مظفرپور میں قائم ہوں گی نئی عدالتیں
(پی این این)
پٹنہ:بہار میں آنگن واڑی سیوکاؤں اور معاون سیوکاؤں کے مجموعی طور پر 22,891 عہدوں پر بھرتی کی جائے گی۔ بدعنوانی پر قابو پانے کے لیے پٹنہ اور مظفرپور میں تین نئی خصوصی عدالتیں قائم کی جائیں گی۔ یہ فیصلے بدھ کے روز وزیرِ اعلیٰ سمراٹ چودھری کی صدارت میں منعقدہ بہار کابینہ کے اجلاس میں کیے گئے، جہاں مجموعی طور پر 24 تجاویز کی منظوری دی گئی۔ اس کے علاوہ دربھنگہ کے رئیام اور مدھوبنی کے سکری میں بند پڑی چینی ملوں کو بھی دوبارہ فعال کیا جائے گا۔
سمراٹ حکومت نے ریاست میں کھیلوں کے فروغ اور تعاونی نظام کو مزید مضبوط بنانے کے مقصد سے’بہار کھیل پالیسی-2026‘اور ‘بہار ریاستی تعاونی پالیسی-2026‘ کو کابینہ کی منظوری دے دی ہے۔بہار کے 38 انجینئرنگ کالجوں اور 46 پولی ٹیکنک اداروں میں جدید ترین مشینوں، آلات اور کمپیوٹروں کی خریداری کے لیے کابینہ نے مجموعی طور پر 120.99 کروڑ روپے کی منظوری دے دی ہے۔بہار میں آنگن واڑی سیوکاؤں اور معاون سیوکاؤں کے مجموعی طور پر 22,891 عہدوں پر بھرتی کی جائے گی۔ ان میں آنگن واڑی سیوکاؤں کے 6,141 اور معاون سیوکاؤں کے 16,750 عہدے شامل ہیں۔ سمراٹ کابینہ نے آنگن واڑی سیوکاؤں اور معاون سیوکاؤں کے انتخاب سے متعلق نظرثانی شدہ رہنما اصولوں (گائیڈ لائنز) کی بھی منظوری دے دی ہے۔
نیشنل ہائی وے 333 اے پر ضلع جموئی میں دو پرانے اور خستہ حال پلوں کی جگہ نئے پل تعمیر کیے جائیں گے۔ ان دونوں پلوں کی تعمیر پر مجموعی طور پر تقریباً 150 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔ پہلا پل نریانا گھاٹ میں دریائے کیول پر تعمیر کیا جائے گا، جبکہ دوسرا پل مانگوبندر میں دریائے سُکنر پر بنایا جائے گا۔
دربھنگہ کے رئیام اور مدھوبنی کے سکری میں طویل عرصے سے بند پڑی چینی ملوں کو دوبارہ فعال کیا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے انڈین پوٹاش لمیٹڈ کے ذریعے نئی تعاونی چینی ملیں قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت حکومت مجموعی لاگت کا 40 فیصد بطور مالی امداد فراہم کرے گی۔بہار میں بدعنوانی سے متعلق مقدمات کی سماعت اب مزید تیز رفتاری سے کی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے پٹنہ میں دو اور مظفرپور میں ایک اضافی خصوصی عدالت قائم کی جائے گی۔ اس سلسلے میں کابینہ نے تین خصوصی ججوں کے نئے عہدے تخلیق کرنے کی منظوری بھی دے دی ہے۔
اس کے علاوہ، بہار کے 19 عدالتی حلقوں میں درج فہرست ذاتوں اور درج فہرست قبائل (ایس سی/ایس ٹی) ایکٹ کے تحت زیرِ التوا مقدمات کی تیز رفتار سماعت (اسپیڈی ٹرائل) کو یقینی بنانے کے لیے ریاستی کابینہ نے 19 ججوں کے نئے عہدوں کے قیام کی بھی منظوری دے دی ہے۔امرت 2.0 یوجنا کے تحت کشن گنج میں 53.71 کروڑ روپے اور لکھی سرائے میں 150.96 کروڑ روپے کی لاگت سے آبی فراہمی (واٹر سپلائی) منصوبوں کو انتظامی منظوری دے دی گئی ہے۔