دلی این سی آر

سلمان حسینی ندویؒ کی رحلت ملتِ اسلامیہ کا عظیم علمی سانحہ

Published

on

(پی این این)
نئی دہلی: معروف دینی و سماجی شخصیت مفتی محمد شاداب ندوی دہلوی اور حضرت مولانا نائب الحق قاسمی صاحب نے برصغیر کے ممتاز عالمِ دین، مفسرِ قرآن، محقق، مفکرِ اسلام اور استاذ العلماء حضرت مولانا سید سلمان حسینی ندویؒ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حضرت کی وفات صرف ایک فرد کا انتقال نہیں بلکہ علم و تحقیق، دعوت و اصلاح اور فکری رہنمائی کے ایک درخشاں باب کا اختتام ہے۔
ان کی رحلت سے علمی و دینی دنیا ایک ایسی عظیم شخصیت سے محروم ہوگئی ہے، جس کی تلافی آسان نہیں۔انہوں نے اپنے مشترکہ تعزیتی بیان میں کہا کہ حضرت مولانا سید سلمان حسینی ندویؒ نے اپنی پوری حیاتِ مبارکہ قرآن و سنت کی خدمت، تدریس، تحقیق، تصنیف، دعوتِ دین، فکری رہنمائی اور امتِ مسلمہ کی دینی و تعلیمی بیداری کے لیے وقف کر دی۔ آپ کے دروس، علمی تحقیقات، تصنیفات اور بصیرت افروز خطابات نے دنیا بھر میں علماء، طلبہ، دانشوروں اور اہلِ علم کی ایک بڑی تعداد کو متاثر کیا، جبکہ آپ کی علمی خدمات ہمیشہ تاریخ کے سنہرے اوراق میں محفوظ رہیں گی۔مفتی محمد شاداب ندوی دہلوی نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ الحمد للہ راقم کو حضرت مولانا سید سلمان حسینی ندویؒ کی خدمت میں زانوئے تلمذ اختیار کرنے کی سعادت حاصل ہوئی۔ حضرت سے براہِ راست حجۃ اللہ البالغہ جیسی شہرۂ آفاق اور گراں قدر کتاب پڑھنے کا شرف نصیب ہوا، نیز تفسیر کی متعدد اہم کتب بھی حضرت سے پڑھنے اور ان کے علمی فیوض و برکات سے استفادہ کرنے کا موقع ملا۔ حضرت کا عمیق علم، وسیع مطالعہ، تحقیقی ذوق، مدلل اندازِ بیان، شاگردوں پر شفقت اور علمی تربیت ہمیشہ راقم کے لیے سرمایۂ افتخار اور مشعلِ راہ رہے گی۔بیان میں مزید کہا گیا کہ حضرت مولانا کی شخصیت علم، عمل، اخلاص، اعتدال، حکمت، بصیرت اور حسنِ اخلاق کا حسین امتزاج تھی۔ آپ نے اپنی علمی مجالس، تدریس اور تربیت کے ذریعے ہزاروں علماء، ائمہ، خطباء اور طلبہ کی فکری و علمی آبیاری کی۔ آپ کے افکار، تصنیفات اور علمی ورثہ آنے والی نسلوں کے لیے بھی رہنمائی کا مضبوط ذریعہ رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ اس غم کی گھڑی میں ہم حضرت مولانا کے اہلِ خانہ، رفقاء، متعلقین، تلامذہ اور دنیا بھر کے محبین و عقیدت مندوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں اور ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
آخر میں مفتی محمد شاداب ندوی دہلوی اور حضرت مولانا نائب الحق قاسمی صاحب نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ حضرت مولانا سید سلمان حسینی ندویؒ کی کامل مغفرت فرمائے، ان کی لغزشوں سے درگزر فرمائے، جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، ان کی قبر کو جنت کے باغوں میں سے ایک باغ بنائے، ان کی دینی، علمی اور دعوتی خدمات کو تا قیامت صدقۂ جاریہ بنائے، اور تمام پسماندگان، متعلقین، تلامذہ اور محبین کو صبرِ جمیل، اجرِ عظیم اور بہترین نعم البدل عطا فرمائے۔ آمین یا رب العالمین۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

رجحان ساز

Copyright © 2025 Probitas News Network