Bihar
روٹری کلب آف گیا سٹی کی جانب سے’’ٹری پلانٹیشن ڈرائیو 2.0‘‘کے تحت 250 پام کے پودے لگا کر ماحولیات کے تحفظ کادیاگیا پیغام
(فیصل رحمانی؍پی این این)
گیاجی : ماحولیات کے تحفظ کو عوامی تحریک کی شکل دینے کے مقصد سے روٹری کلب آف گیا سٹی نے سنٹرل یونیورسٹی آف ساؤتھ بہار (سی یو ایس بی) کے کیمپس میں’’ٹری پلانٹیشن ڈرائیو 2.0‘‘ کا انعقاد کیا۔ اس موقع پر 250 پام کے پودے لگائے گئے۔ یہ مہم صرف شجرکاری تک محدود نہیں رہی بلکہ ماحول دوستی، سماجی ذمہ داری اور آئندہ نسلوں کے لیے سرسبز مستقبل کے عزم کی عکاس بن گئی۔تقریب کی خاص بات یہ رہی کہ ہر روٹرین نے اپنے نام کی نیم پلیٹ کے ساتھ ایک پودا لگایا، تاکہ اس کی دیکھ بھال کی ذمہ داری بھی اسی رکن پر عائد ہو۔ قدرتی ماحول میں منعقدہ اس تقریب میں شرکاء نے نہایت جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا اور شجرکاری کی اہمیت پر زور دیا۔
اس موقع پر سنٹرل یونیورسٹی آف ساؤتھ بہار کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کے این سنگھ نے روٹری کلب کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ درخت لگانا مستقبل کی نسلوں کے لیے ایک قیمتی سرمایہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات معاشرے میں ماحولیات کے تحفظ کا شعور بیدار کرتے ہیں۔اس مہم کو کامیاب بنانے میں روٹرین ریتو دلمیا اور روٹرین شیو ارون دلمیا کا بطور اسپانسر خصوصی تعاون رہا، جبکہ پروجیکٹ چیئرمین روٹرین راج کمار دوبے کی قیادت میں پروگرام کامیابی سے مکمل ہوا۔
تقریب میں روٹری کلب آف بودھ گیا ریجنسی کے روٹرین نول کمار اور دیگر اراکین کے علاوہ کلب کی صدر ڈاکٹر محجبین نشاط انجم، سکریٹری ابھیشیک اگروال، خزانچی آکاش جین سمیت بڑی تعداد میں روٹرینز نے شرکت کی۔آخر میں تمام شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ لگائے گئے پودوں کی مستقل نگہداشت کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ وہ مستقبل میں تناور درخت بن کر ماحولیات کے تحفظ اور سرسبز و شاداب ماحول کی تشکیل میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔