Bihar
رام مندر میں چڑھاوے کی مبینہ چوری کے قصورواروں کو بخشا نہیں جائے گا ،چندہ چوری معاملے پر چراغ پاسوان کا دوٹوک مؤقف
(پی این این)
پٹنہ:لوک جن شکتی پارٹی کے قومی صدر چراغ پاسوان نے کہا کہ بھگوان شری رام کے نام پر سیاست نہیں ہونی چاہیے۔ جس کسی نے بھی شری رام کے بھکتوں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے، اسے سخت سے سخت سزا ملنی چاہیے۔
اتوار کو لکھنؤ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چراغ پاسوان نے کہا کہ شری رام مندر میں چڑھاوے کی مبینہ چوری کے معاملے کی تحقیقات جاری ہیں اور ایس آئی ٹی اپنا کام کر رہی ہے۔ اس سلسلے میں کارروائی بھی کی جا چکی ہے۔ جو بھی قصوروار پایا جائے گا، اسے سزا ضرور ملے گی۔ عقیدت مندوں کے مذہبی جذبات سے کھلواڑ کرنے والے کسی بھی شخص کو ہرگز بخشا نہیں جانا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ بھرت تیواری معاملے میں بھی جو کوئی قصوروار ثابت ہو، اسے سخت ترین سزا دی جانی چاہیے۔
اس سے قبل چراغ پاسوان نے لکھنؤ کے اندرا گاندھی پرتشٹھان میں لوک جن شکتی پارٹی کے بانی اور سابق مرکزی وزیر، مرحوم رام ولاس پاسوان کی یومِ پیدائش کے موقع پر منعقدہ تقریب میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کیا۔چراغ پاسوان نے کانگریس اور سماجوادی پارٹی کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ گزشتہ انتخابات کے دوران ان جماعتوں نے عوام میں یہ غلط فہمی پھیلائی کہ ریزرویشن اور آئین خطرے میں ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ پارلیمنٹ میں ہاتھ میں آئین کی کاپی لے کر لوک سبھا کو گمراہ کرنے کی کوشش کی گئی۔چراغ پاسوان نے کہا، ’’میں آپ سب کو یقین دلاتا ہوں کہ جب تک چراغ پاسوان زندہ ہے، نہ ریزرویشن کو کوئی خطرہ ہے اور نہ ہی آئین کو۔‘‘انہوں نے مزید کہا کہ جو لوگ بار بار یہ تاثر دیتے ہیں کہ ریزرویشن اور آئین خطرے میں ہیں، انہیں ایسا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ان کے مطابق ذات پات، مذہب اور فرقہ واریت سے بالاتر ہو کر پورے معاشرے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے کام کرنا ہوگا۔
چراغ پاسوان نے کہا کہ بابا صاحب کو بھارت رتن سے سرفراز کرانے میں ہمارے رہنما رام ولاس پاسوان نے اہم کردار ادا کیا۔ انہی کی کوششوں سے پارلیمنٹ کے سینٹرل ہال میں بابا صاحب کی تصویر نصب کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اگر سب سے پہلے کسی نے ریزرویشن کا مطالبہ اٹھایا تو وہ رام ولاس پاسوان تھے۔ دلت سماج کی ترقی اور انہیں بااختیار بنانے کے لیے بھی رام ولاس پاسوان نے نمایاں خدمات انجام دیں، جبکہ کانگریس نے کبھی اس طبقے کی حقیقی فکر نہیں کی۔چراغ پاسوان نے مزید کہا کہ کانگریس اور سماجوادی پارٹی نے ہمیشہ ذات پات اور مذہب کے نام پر لوگوں کو تقسیم کرکے سیاست کی ہے۔ ایسے عناصر کا احتساب ہونا چاہیے۔