دلی این سی آر

رام مندر میں چڑھاوے کی مبینہ چوری سے ہر سناتنی انتہائی دکھی: اروند کیجریوال

Published

on

نئی دہلی:عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کیجریوال آئندہ جمعہ کو رام للا کے درشن کے لیے ایودھیا جائیں گے۔ رام مندر کے چڑھاوے میں مبینہ چوری کا معاملہ سامنے آنے کے بعد اروند کیجریوال کا یہ پہلا دورۂ ایودھیا ہوگا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ایکس” پر اس سلسلے میں جانکاری شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ایودھیا واقع شری رام مندر میں چڑھاوے کی مبینہ چوری سے ہر سناتنی بہت زیادہ دکھی ہے، لہٰذا وہ جمعہ کو شری رام مندر جا کر درشن کریں گے۔ اتوار کو بھی اروند کیجریوال نے رام مندر کے چڑھاوے میں کروڑوں روپے کی مبینہ چوری پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔ انہوں نے اس واقعے کو کروڑوں ہندوؤں کے عقیدے اور مذہبی جذبات پر ضرب قرار دیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ ایودھیا کے رام مندر سے کروڑوں روپے کے چڑھاوے کی چوری کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق تقریباً 200 کروڑ روپے نقد رقم مبینہ طور پر چوری ہوئی ہے، جبکہ ہیرے اور جواہرات سے بھرے کئی صندوق بھی غائب بتائے جا رہے ہیں۔ اس کے باوجود اب تک اس معاملے میں کوئی ایف آئی آر درج نہیں کی گئی ہے۔ نہ اتر پردیش پولیس نے کوئی مقدمہ درج کیا ہے اور نہ ہی ای ڈی یا سی بی آئی نے اس سلسلے میں کوئی کارروائی کی ہے۔اروند کیجریوال نے مزید کہا تھا کہ لوگ بتا رہے ہیں کہ اس معاملے میں بہت بڑے بڑے نام شامل ہیں اور اگر غیر جانبدارانہ اور صحیح طریقے سے کارروائی کی گئی تو حکومت بھی گر سکتی ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ ملک کی عوام فیصلہ کرے کہ کسے بچایا جانا چاہیے، حکومت کو یا کروڑوں لوگوں کے عقیدے اور آستھا کو؟

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

رجحان ساز

Copyright © 2025 Probitas News Network