uttar pradesh

رابطہ مدارس اسلامیہ عربیہ دارالعلوم دیوبند شاخ مغربی یو پی زون نمبر -3 کے چوتھے عمومی و انعامی اجلاس کا انعقاد

Published

on

(پی این این)
جلال آباد :رابطہ مدارس اسلامیہ عربیہ دارالعلوم دیوبند شاخ مغربی یوپی زون نمبر ٣ کے چوتھے عمومی و انعامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے زون کے صدر مولانا محمد عاقل نے اپنے‌ صدارتی خطاب میں ذمہ داران مدارس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ رابطہ مدارس اسلامیہ عربیہ دارالعلوم دیوبند کا قیام محض ایک رسمی اتحاد کے لئے نہیں ہوا بلکہ اس کا حقیقی مقصد یہ ہیکہ ہم اپنے تعلیمی و انتظامی ڈھانچے کو وقت کے تقاضوں کے مطابق اتنا مضبوط اور مربوط بنائیں کہ کوئی بھی طوفان ہماری بنیادوں کو متزلزل نہ کرسکے اس مقصد کے حصول کے لئے حضرت صدرنے چار بنیادی نکات پر مشتمل لائحہ عمل بھی علماء کرام کے سامنے پیش کیا ١ استعداد کی پختگی اور رسوخ فی العلم ٢ جدید چیلنجز ، الحاد اور فکری گمراہی کا علمی تدارک ٣ انتظامی پختگی ، قانونی بیداری اور مالیاتی شفافیت ٤ زون کے مدارس کے مابین باہمی یکجہتی اور تعاونی نظام حضرت نے یہ چہار نکاتی لائحہ عمل پیش کرنے کے بعد ذمہ داران مدارس کی اس جانب بھی توجہ مبذول کرائی کہ آپ حضرات رابطہ مدارس کے سالانہ مشترکہ امتحان میں اپنے مدارس کے تمام طلبہ کی شرکت کو بھی یقینی بنائیں تاکہ کوئی بھی مستحق طالب علم اس نظام سے محروم نہ رہے ۔
مولانا نور الحسن کاندھلوی نے خطاب میں فرمایا کہ مدارس کو سود اور مشکوک و مشتبہ تعاون سے محفوظ رکھیں آج کل ہم چندہ کے لئے جاتے ہیں بہت سے لوگ سود کی رقم دیدیتے ہیں اور ہم لوگ اس کو لے لیتے ہیں اس طرح کی رقم سے مدارس کو محفوظ رکھنا بہت ضروری ہے۔
مفتی محمد عبداللہ قاسمی جنرل سکریٹری رابطہ مدارس اسلامیہ عربیہ دارالعلوم دیوبند شاخ مغربی یوپی زون نمبر ٣ نے سکریٹری رپورٹ پیش کی اور عاملہ کے ذریعے جو فیصلے لئے گئے ان کو ذمہ داران مدارس کے سامنے رکھا ۔
اجلاس میں سالانہ مشترکہ امتحان میں کامیاب ہونے والے طلبہ کو بھی گراں قدر انعامات سے نوازا گیا نظامت کے فرائض مفتی محمد طیب صاحب قاسمی نے انجام دئے اخیر میں دعاء سے قبل حضرت صدر محترم نے مہمانان کرام و حاضرین کا شکریہ ادا کیا اور اس طرح یہ اجلاس مہمان خصوصی حضرت مفتی راشد اعظمی نائب مہتمم دارالعلوم دیوبند کی دعاء پر اختتام پذیر ہوا۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

رجحان ساز

Copyright © 2025 Probitas News Network