uttar pradesh
دیوبند میونسپل بورڈنے کی سبکدوش ملازمین کو ایک کروڑ روپے کی ادائیگی
دیوبند:میونسپل بورڈ دیوبند کی ملازمت سے سبکدوش ہونے والے 18؍ ملازمین کو جمعہ کے روز ایک کروڑ 4؍ لاکھ روپے کی بقایا رقومات کی ادائیگی کی گئی ۔یہ رقومات بذریعہ چیک ادا کی گئیں ۔سبکدوش ہونے والے ملازمین کے چہرے چیک ملنے کے بعد خوشی سے کھل اٹھے ۔دیوبند کے سرکاری گیسٹ ہائوس پر منعقد ہونے والے اس پروگرام میں پی ڈبلیو ڈی کے وزیر مملکت برجیش سنگھ نے ملازمین کے درمیان چیک تقسیم کئے ۔چیک وصول کرنے کے بعد ملازمین نے وزیر مملکت اور چیئرمین وپن گرگ کا شکریہ ادا کیا ۔
چیئرمین وپن گرگ نے بتایا کہ سبکدوش ہونے والے ملازمین کا فی عرصہ سے اپنے بقایاجات کی ادائیگی کا مطالبہ کرتے آرہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ ملازمین ملنے والی اس رقم کو اپنے بچوں کے بہتر مستقبل کے لئے خرچ کر سکیں گے ،انہوں نے بتایا کہ میونسپل بورڈ دیوبند کی جانب سے اب تک سبکدوش ہونے والے ملازمین کو 4؍ کروڑ 4؍ لاکھ روپے کی رقومات دی جاچکی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ مستقبل میں جو ملازمین سبکدوش ہوں گے ان سب کو بھی وقت پر رقومات کی ادائیگی کی جائے گی ۔
وپن گرگ نے بتایا کہ صفائی ملازمین کو پہلے 50؍ ہزار روپے کا چیک دیا جاتا تھا لیکن اب اس رقم میں اضافہ کرکے 3؍ لاکھ روپے کردیا گیا ۔اس موقعہ پر بی جے پی کے شہر صدر ارون گپتا ،راکیش گانگولی ،راہل والمیکی ،وپن بھارتیہ اور میونسپل رکن سید حارث وغیرہ موجود رہے ۔