uttar pradesh
دیوبند:نیلوفر نرسنگ ہوم میں بلڈ ڈونیشن کیمپ کا انعقاد،سماجی کارکنوں نے خون عطیہ کرکے دیا انسانیت کا پیغام
(پی این این)
دیوبند:انسانی خدمت اور ضرورت مند مریضوں کی مدد کے مقصد سے نیلوفر نرسنگ ہوم، مجنوں والا روڈ، دیوبند میں آج ایک عظیم الشان بلڈ ڈونیشن کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ کیمپ میں بڑی تعداد میں لوگوں نے جوش و خروش کے ساتھ شرکت کرتے ہوئے خون کا عطیہ دیا اور ضرورت مندوں کی زندگی بچانے کا عزم کیا۔بلڈ ڈونیشن کیمپ میں سماجی کارکنان ارم عثمانی، نجم عثمانی اور سکندر گوڑ نے خود خون کا عطیہ دے کر لوگوں کو بھی خون عطیہ کرنے کی ترغیب دی۔
اس موقع پر ارم عثمانی نے کہا کہ ’’خون کا عطیہ ایک عظیم انسانی خدمت ہے۔ ہمارے ذریعے دیا گیا خون کسی ضرورت مند مریض کی زندگی بچانے کا ذریعہ بن سکتا ہے، اس لیے ہر صحت مند شخص کو وقتاً فوقتاً خون عطیہ کرنے کے لیے آگے آنا چاہیے۔‘‘نجم عثمانی نے کہا کہ ’’ایک یونٹ خون کسی کے لیے نئی زندگی بن سکتا ہے۔ خون کا عطیہ صرف کسی ایک فرد کی مدد نہیں بلکہ انسانیت کی خدمت ہے۔ دیوبند کے لوگوں میں ہمیشہ سے خدمت اور تعاون کا جذبہ رہا ہے اور اس طرح کے کیمپ اس جذبے کو مزید مضبوط کرتے ہیں۔‘‘وہیں سکندر گوڑ نے کہا کہ ’’خون عطیہ کرنے کے حوالے سے معاشرے میں بیداری پیدا کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ ایک صحت مند انسان کا تھوڑا سا خون کسی خاندان کی بڑی پریشانی کو خوشیوں میں تبدیل کر سکتا ہے۔‘‘
اس موقع پر ارم عثمانی اور نجم عثمانی نے نیلوفر نرسنگ ہوم کے ڈاکٹر شمشاد کو نرسنگ ہوم میں بلڈ بینک کی سہولت شروع کیے جانے پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ دیوبند میں اس طرح کی سہولت کا آغاز علاقے کے مریضوں کے لیے ایک انتہائی اہم قدم ہے، جس سے ہنگامی حالات میں ضرورت مند مریضوں کو کافی فائدہ پہنچے گا۔کیمپ کا افتتاح ڈاکٹر ندیم شاد، ارم عثمانی، سکندر گوڑ اور نجم عثمانی نے مشترکہ طور پر کیا۔کیمپ کو کامیاب بنانے میں شعیب ملک، سفیان قریشی، محمد کیف، ڈاکٹر شمشاد، ڈاکٹر نیلوفر انصاری، سبھاسد ندیم چودھری اور رخسار کا خصوصی تعاون رہا۔کیمپ کے کنوینر ڈاکٹر شمشاد اور ناصر علوی نے تمام خون عطیہ کرنے والوں، مہمانوں، معاونین اور پروگرام کو کامیاب بنانے میں براہِ راست یا بالواسطہ تعاون کرنے والے تمام افراد کا شکریہ ادا کی۔