uttar pradesh
جیتنے کی صلاحیت رکھنے والے امیدواروں کوہی دی جائے گی ترجیح ،بی جے پی صدر نتن نبین کی سابق ریاستی صدور اور این ڈی اے کے اتحادی رہنماؤں سے ملاقات، اسمبلی انتخابات کی تیاریوں کا لیا جائزہ
(پی این این)
لکھنؤ: بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے قومی صدر نتن نبین نے اتوار کے روز اپنے دورہِ اتر پردیش کے دوران پارٹی کے سابق صوبائی صدور اور نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) کی حلیف جماعتوں کے رہنماؤں کے ساتھ الگ الگ میٹنگیں کیں اور آنے والے اسمبلی انتخابات کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا۔
آج صبح منعقدہ میٹنگ میں مسٹر نوین نے بی جے پی کے سابق صوبائی صدور سے ملاقات کی اور تنظیمی تجربات، تنظیمی مضبوطی اور سال 2027 کے اسمبلی انتخابات کی تیاریوں پر تفصیلی غور و خوض کیا۔ میٹنگ میں سینئر لیڈروں نے اپنے تجربات شیئر کیے، جن پر قومی صدر نے سنجیدگی سے گفتگو کی۔
اس کے بعد مسٹر نتن نبین نے این ڈی اے کی اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں کے ساتھ میٹنگ کی۔ اس اہم میٹنگ میں راشٹریہ لوک دل سے ترلوک تیاگی، نشان پارٹی سے سنجے نشان، سہیل دیو بھارتیہ سماج پارٹی (ایس بی ایس پی) سے اوم پرکاش راج بھر اور اپنا دل (ایس) سے آشیش پٹیل شامل ہوئے۔
میٹنگ کے دوران اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں نے اپنی اپنی تجاویز پیش کیں، جنہیں قومی صدر نے غور سے سنا۔ ذرائع کے مطابق، مسٹر نتن نبین نے واضح کیا کہ سال 2027 کے اسمبلی انتخابات میں پارٹی اور اتحاد کی جانب سے صرف جیتنے کی صلاحیت رکھنے والے امیدواروں کو ہی ترجیح دی جائے گی۔
بی جے پی قیادت کا ماننا ہے کہ 2027 کے انتخابات کے پیش نظر تنظیم کو بوتھ کی سطح تک مزید مضبوط کیا جائے گا اور این ڈی اے کی تمام اتحادی جماعتوں کے ساتھ بہتر تال میل قائم کر کے انتخابی حکمت عملی کو حتمی شکل دی جائے گی۔ قابل ذکر ہے کہ قومی صدر کا یہ دورہ اسی وسیع انتخابی تیاری کا ایک اہم حصہ مانا جا رہا ہے۔