جھارکھنڈ
جھارکھنڈ کے ہر گھر تک صاف پینے کا پانی پہنچاناحکومت کی اولین ترجیح: ہیمنت سورین
(پی این این)
رانچی: جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے منگل کے روز جھارکھنڈ وزارت میں اعلیٰ افسران کی موجودگی میں محکمہ پینے کا پانی و صفائی ستھرائی کی تازہ ترین پیش رفت کا اعلیٰ سطحی جائزہ لیا۔جائزہ اجلاس کے دوران ہیمنت سورین نے افسران کو ہدایت دی کہ جل جیون مشن کے تحت جاری منصوبوں میں تیزی لائی جائے اور ریاست کے ہر گھر تک پائپ لائن اور نل کے ذریعے صاف پینے کا پانی پہنچانے کے ہدف کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے۔ انہوں نے آبی سپلائی نظام کی دیکھ بھال اور مرمت کے کاموں کو جلد مکمل کرنے کی بھی ہدایت دی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صاف پینے کے پانی کی فراہمی عوامی زندگی سے جڑا ایک نہایت اہم مسئلہ ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ پانی کے بحران کے خدشے والے علاقوں پر خصوصی نظر رکھی جائے اور جہاں بھی پینے کے پانی کی کمی یا مسئلہ سامنے آئے، ان علاقوں کی فوری نشاندہی کرکے عوام کو صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں۔ اجلاس میں محکمہ پینے کا پانی و صفائی ستھرائی کے وزیر یوگیندر پرساد بھی موجود تھے۔
ہیمنت سورین نے کہا کہ ریاست کی ’جل سہیا‘ خواتین کو گروپ کی بنیاد پر صنعتی تربیتی اداروں (آئی ٹی آئی) میں وقتاً فوقتاً پلمبنگ کی فنی تربیت فراہم کی جائے۔ انہوں نے تجویز دی کہ خراب چاپاکلوں کی مرمت اور شمسی توانائی سے چلنے والے واٹر سپلائی نظام کی نگرانی و دیکھ بھال کی ذمہ داری بھی جل سہیاؤں کو دی جائے۔
وزیر اعلیٰ نے افسران کو ہدایت دی کہ جل سہیاؤں کے لیے حوصلہ افزائی کے پروگرام منعقد کیے جائیں اور بہتر کارکردگی دکھانے والی خواتین کو انعامات سے نوازا جائے۔انہوں نے محکمہ کی زیرِ تعمیر آبی منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ بڑے منصوبوں سے وابستہ ٹھیکیداروں کا واٹس ایپ گروپ بنایا جائے اور روزانہ کی پیش رفت کی معلومات اس میں شیئر کی جائیں تاکہ منصوبوں کی مسلسل نگرانی ممکن ہو سکے۔
ہیمنت سورین نے کہا کہ محکمہ پینے کا پانی و صفائی ستھرائی کی اسکیمیں انتہائی اہمیت کی حامل ہیں، اس لیے انہیں مؤثر انداز میں زمینی سطح پر نافذ کیا جائے اور ہر گھر تک پانی پہنچانے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔انہوں نے افسران کو جل جیون مشن کے لیے ایک مضبوط فریم ورک تیار کرنے، مالی توازن برقرار رکھنے کے لیے بیک اپ پلان بنانے اور منصوبوں کی تکمیل کے بعد جلد از جلد یوٹیلائزیشن سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کی ہدایت دی۔ ساتھ ہی واٹر ریچارج کے لیے سوک پٹ سمیت دیگر مؤثر طریقوں کو جدید بنانے پر بھی زور دیا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاست کے ہر آنگن واڑی مرکز تک صاف پینے کے پانی کی فراہمی یقینی بنائی جانی چاہیے۔ اجلاس میں افسران نے وزیر اعلیٰ کو بتایا کہ جل جیون مشن کے تحت دسمبر 2028 تک جھارکھنڈ کے تمام دیہی گھروں کو پائپ لائن کے ذریعے صاف پینے کا پانی فراہم کرنے کے ہدف کے ساتھ محکمہ تیزی سے کام کر رہا ہے۔