Bihar
جمہوری حقوق کا استحصال ناقابل قبول، اساتذہ کی آواز دبانے کی کوشش کی سخت مذمت:بنشی دھربرجواسی
(پی این این)
مظفرپور: بہار اسٹیٹ ٹیچرس ایسوسی ایشن، ضلع اکائی مظفرپور، بہار قانون ساز کونسل کے معزز رکن بنشی دھر برجواسی کی جانب سے اساتذہ کے خلاف شکایات درج کرانے اور ان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیے جانے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔ایسوسی ایشن کا ماننا ہے کہ کسی بھی استاد کو تعلیمی نظام، اساتذہ کے مفادات یا عوامی مفاد سے متعلق مسائل پر جمہوری اور آئینی طریقے سے اپنی رائے پیش کرنے کا مکمل حق حاصل ہے۔ اگر کسی کو کسی استاد کی رائے سے اختلاف ہے تو اس کا جواب حقائق، دلائل اور مکالمے کے ذریعے دیا جانا چاہیے، نہ کہ انتظامی شکایات کے ذریعے انہیں خوف زدہ کرنے یا خاموش کرانے کی کوشش کی جائے۔
ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں متعدد اساتذہ نے شکایت کی ہے کہ ان پر مختلف ذرائع سے دباؤ ڈال کر ان کے خلاف انتظامی کارروائی کرانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ ان تمام شکایات کی غیر جانبدارانہ اور شفاف جانچ ہونی چاہیے تاکہ یہ واضح ہو سکے کہ کہیں انتظامی نظام کا استعمال تنقیدی آوازوں کو دبانے کے لیے تو نہیں کیا جا رہا۔بہار اسٹیٹ ٹیچرس ایسوسی ایشن ضلع انتظامیہ اور محکمۂ تعلیم سے مطالبہ کرتی ہے کہ کسی بھی شکایت پر کارروائی سے قبل غیر جانبدارانہ، شفاف اور حقائق پر مبنی جانچ کو یقینی بنایا جائے اور فطری انصاف (Natural Justice) کے اصولوں کی مکمل پاسداری کی جائے۔
ایسوسی ایشن کے میڈیا انچارج وویک کمار نے کہا کہ اگر اساتذہ کی آواز دبانے کا سلسلہ جاری رہا تو تنظیم جلد ہی “پول کھول مہم” شروع کرے گی۔ اس مہم کے ذریعے عام اساتذہ کے سامنے ایسے تمام معاملات کو منظرِ عام پر لایا جائے گا جن میں اساتذہ نے اپنے خلاف غیر ضروری دباؤ، بے بنیاد شکایات یا کارروائی کی کوششوں کا الزام عائد کیا ہے۔ تنظیم نے واضح کیا کہ یہ مہم صرف مصدقہ حقائق اور دستیاب سرکاری ریکارڈ کی بنیاد پر چلائی جائے گی۔بہار اسٹیٹ ٹیچرس ایسوسی ایشن نے دوٹوک انداز میں کہا کہ وہ ہر استاد کے وقار، آزادیٔ اظہار اور آئینی حقوق کے تحفظ کے لیے ہمیشہ جدوجہد کرتی رہے گی اور ضرورت پڑنے پر جمہوری اور قانونی طریقوں سے وسیع پیمانے پر تحریک بھی چلائے گی۔