uttar pradesh

جمعیۃ علماء ہند کے تحت شیخ پورہ قدیم میں اصلاحی جلسہ کا انعقاد

Published

on

دیوبند: ایک مینارہ مسجد شیخ پورہ قدیم میں جمعیۃ علماء تحصیل سہارنپور کے زیر اہتمام ایک اصلاحی و دینی جلسہ منعقد ہوا جس کی صدارت جمعیۃ علماء ضلع سہارنپور کے جنرل سیکریٹری مولانا سرتاج احمد قاسمی نے کی۔جلسہ میں مہمان خصوصی کی حیثیت سید ذہین احمد سے شریک ہوئے۔
جلسے کا آغاز قاری ایوب قاسمی کی تلاوت اور قاری عثمان حسانی کے نعتیہ کلام سے ہوا ۔جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے سید ذہین احمد نے جمعیۃ علماء کی عظیم خدمات اس کے تاریخی کردار اور ملی و قومی سطح پر اس کی نمایاں جدوجہد پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ جمعیۃ علماء نے ہمیشہ ملک و ملت کی رہنمائی دینی و تعلیمی بیداری اصلاحِ معاشرہ اور مظلوموں کی داد رسی کے لیے نمایاں کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے علماء کرام اور کارکنان جمعیۃ پر زور دیا کہ وہ اخلاص اتحاد اور نظم و ضبط کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کریں اور معاشرے کی اصلاح و فلاح کے لیے مسلسل جدوجہد جاری رکھیں۔ جمعیۃ علماء ضلع سہارنپور کے جنرل سیکریٹری مولانا سرتاج احمد قاسمی اور جمعیۃ علماء ضلع سہارنپور کے کنوینر برائے اصلاحِ معاشرہ مولانا مشرف رشیدی نے بھی اپنے خطاب میں اصلاحی سرگرمیوں کو منظم انداز میں آگے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کی اصلاح ایک مسلسل جدوجہد کا نام ہے اور اس کے لیے علماء ، ائمہ، نوجوانوں اور عوام کو متحد ہوکر کام کرنا ہوگا۔جمعیۃ علماء ضلع سہارنپور کے نائب صدر مولانا شمشیر قاسمی نے اپنے خطاب میں اصلاحِ معاشرہ دینی تعلیم کے فروغ اور نئی نسل کی اسلامی تربیت کی اہمیت پر تفصیلی روشنی ڈالی انہوں نے کہا کہ معاشرے میں پھیلتی ہوئی برائیوں کا سدباب صرف وعظ و نصیحت سے نہیں بلکہ مسلسل عملی جدوجہد دینی تعلیم اور تربیت کے ذریعے ممکن ہے۔
انہوں نے کہا کہ والدین اپنی اولاد کی دینی تربیت کو اولین ترجیح دیں اور بچوں کو قرآن کریم نماز اور اسلامی آداب سے جوڑیں۔ جلسہ میں علماء کرام ائمہ مساجد جمعیۃ علماء کے ذمہ داران اور اہلِ علاقہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اس موقع حافظ الفت، قاری محمد تصور، قاری محمد اسرار، مولانا محمد افسر علی، محمد جاوید، محمد خورشید، محمد امجد خان، راؤ فخر الدین، محمد مکرم ،حاجی محمد شاہد، ماسٹر شہزاد، حاجی محمد مسعود، حاجی عبد الاحد ٹھیکیداروغیرہ موجود رہے۔ جلسے کے کنوینر قاری کلیم احمد نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا ۔ مولانا مشرف رشیدی کی دعا پر جلسہ کا اختتام ہوا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

رجحان ساز

Copyright © 2025 Probitas News Network