Bihar

جعلی آدھار کارڈ اور سرکاری دستاویزات بنانے والے گروہ کا پردہ فاش، ایک گرفتار

Published

on

سیتامڑھی: ضلع کے پریہار تھانہ علاقے میں جعلی آدھار کارڈ اور دیگر سرکاری دستاویزات تیار کرنے والے ایک گروہ کا پولیس نے پردہ فاش کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ امت رنجن کی ہدایت پر جرائم پر قابو پانے کی مہم کے تحت پروہا چوک میں واقع ایک دکان پر چھاپہ مارا گیا، جہاں سے بڑی تعداد میں بایومیٹرک آلات اور دیگر الیکٹرانک سامان برآمد کیا گیا۔ پولیس کے مطابق خفیہ اطلاع ملی تھی کہ مذکورہ دکان میں غیر قانونی طور پر آدھار کارڈ اور دیگر سرکاری دستاویزات تیار کیے جا رہے ہیں۔ اطلاع کی تصدیق کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم گجیندر کمار (35) ولد سورج رائے، ساکن ببروبن، تھانہ پریہار، ضلع سیتامڑھی کو گرفتار کر لیا گیا ہے، تفتیش کے دوران ملزم نے اعتراف کیا کہ وہ آن لائن مختلف سرکاری سرٹیفکیٹ تیار کرتا تھا اور برآمد شدہ بایومیٹرک آلات آدھار کارڈ کے لیے فنگر پرنٹ لینے میں استعمال کیے جاتے تھے۔ تاہم وہ آدھار اندراج یا اپڈیٹ سے متعلق کوئی مجاز اجازت نامہ یا قانونی دستاویز پیش نہیں کر سکا، جس کے بعد اسے گرفتار کر لیا گیا۔ چھاپے کے دوران پولیس نے دو لیپ ٹاپ، ایک مورفو فنگر پرنٹ اسکینر، ایک لائیو اسکین فنگر پرنٹ شناختی ڈیوائس، ایک ویب کیم اور ایک ایپسن فوٹو پرنٹر ضبط کیا ہے۔ اس سلسلے میں پریہار تھانہ کاند نمبر 191/26 درج کر کے پولیس پورے نیٹ ورک کی گہرائی سے تفتیش کر رہی ہے۔ یہ جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ اس جعلسازی میں اور کون لوگ شامل ہیں اور اس کے روابط کہاں تک پھیلے ہوئے ہیں۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ امت رنجن نے کہا کہ سیتامڑھی پولیس جرائم پر قابو پانے اور عوامی تحفظ کے لیے پوری طرح پُرعزم ہے۔ جعلی دستاویزات تیار کرنے والوں اور سائبر جرائم سے وابستہ عناصر کے خلاف آئندہ بھی سخت کارروائی جاری رہے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

رجحان ساز

Copyright © 2025 Probitas News Network