دلی این سی آر

جامعہ کے آرسی اے ۔سی سی سی پی نے اولین المنائی میٹ کیا منعقد

Published

on

نئی دہلی : ریزیڈنشل کوچنگ اکیڈمی، سینٹر فار کوچنگ اینڈ کیریئر پلاننگ (سی سی سی پی) جامعہ ملیہ اسلامیہ (آر سی اے) نے اپنی پندرہ سالہ تاریخ میں پہلی بار سابق طلبہ کے لیے المنائی میٹ کا انعقاد کر کے ایک اہم سنگِ میل عبور کیا ہے۔
گزشتہ ہفتے منعقد ہ تقریب کا عنوان’’ایک شام آرسی اے کے نام‘‘ تھا، جس میں ملک بھر سے تیس سے زائد سابق طلبہ شریک ہوئے۔ اس تقریب میں اکیڈمی کی جانب سے سال دوہزار پچیس چھبیس کے دوران یو پی ایس سی، سول سروس، انڈین فارسٹ سروس، ریاستی سول سروس اور دیگر مرکزی خدمات کے امتحانات میں ایک سو بیس امیدواروں کے انتخاب کی اب تک کی سب سے بڑی سالانہ کامیابی کا جشن منایا گیا۔ مختلف سرکاری خدمات پر فائز سابق طلبہ اس جشن میں شرکت کے لیے ملک کی مختلف ریاستوں سے جامعہ پہنچے، جس سے المنائی میٹ مشترکہ یادوں کے اعادے کے ساتھ ساتھ اجتماعی کامیابی کا ایک اہم سنگ میل بھی ثابت ہوا۔یہ تقریب جامعہ ملیہ اسلامیہ کے عزت مآب پروفیسر مظہر آصف،شیخ الجامعہ اور پروفیسر محمد مہتاب عالم رضوی،مسجل ،جامعہ ملیہ اسلامیہ کی قیادت میں منعقد کی گئی، جن کے وژن اور رہنمائی کے طفیل رہائشی اکیڈمی، جامعہ ملیہ اسلامیہ نے شاندار ترقی رقم کی ہے۔ آرسی اے کی انچارج پروفیسر ثمینہ بانو نے کہا کہ یہ ریکارڈ کامیابی یونیورسٹی کے مسلسل تعاون و حمایت، اسٹریٹجک وژن اور انتظامی قیادت کو اجاگر کرتی ہے۔
سول سروس اور دیگر مسابقتی امتحانات کی تیاری کرنے والے طلبہ کو معیاری رہائشی کوچنگ فراہم کرنے کے مشن کے ساتھ قائم آر سی اے نے ڈپٹی کنٹرولر امتحانات، پروفیسر احتشام الحق کی خدمات کو بھی سراہا؛ ان کی گہری بصیرت اور محتاط منصوبہ بندی نے آر سی اے کے آل انڈیا داخلہ ٹیسٹ کے انعقاد میں نمایاں کردار ادا کیا۔
اس کے ساتھ ہی، افسر مالیات اور یونیورسٹی کے دیگر عہدیداران کی جانب سے فراہم کردہ مسلسل ادارہ جاتی تعاون کا بھی اعتراف کیا گیا۔ایک ہی سال میں ایک سو بیس امیدواروں کا انتخاب ایک ایسی شاندار کامیابی ہے جو آرسی اے کے امیدواروں کی سخت محنت اور استقامت؛ آرسی اے کی ٹیم، کونسلرس، اکیڈمک کوآرڈی نیٹر اور لیڈر کی لگن؛ نیز خصوصی ماہرین، ٹیسٹ سیریز، خصوصی سیشن، اور سابق طلبہ پر مشتمل پینل اور معاون عملے کی جانب سے فراہم کردہ مسلسل رہنمائی اور تعاون کا جیتا جاگتا ثبوت ہے۔شام کے اس پروگرام میں منتخب امیدواروں کی حوصلہ افزائی اور اعزاز افزائی کی گئی، اور سابق طلبہ نے اس موقع پر آر سی اے کے کلاس روم سے لے کر عوامی خدمت کے شعبے تک کے اپنے سفر کے تجربات اور تاثرات کا اظہار کیا۔آر سی اے کی انچارج اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر صبا محمود بشیر نے شکریہ اداکیا۔ انہوں نے آر سی اے اور جامعہ ملیہ اسلامیہ کے تئیں بصیرت اور غیر متزلزل عہد کے لیے عزت مآب شیخ الجامعہ اورعالی وقارمسجل،جامعہ ملیہ اسلامیہ کا صمیم قلب سے شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے اس پروگرام کو یادگار اور کامیاب بنانے میں گراں قدر تعاون اور مخلصانہ کوششوں کے لیے ڈپٹی کنٹرولر امتحانات، ڈین اسٹوڈنٹس ویلفیئر، چیف پراکٹر، ڈائریکٹر اسپورٹس، ڈین، ڈائریکٹرس، پرووسٹس، چیف میڈیکل افسر، سکوریٹی مشیر، فیکلٹی ممبران، ممتاز سابق طلبہ، منتخب امیدواروں اور ان کے والدین کے علاوہ یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات بشمول شعبہ تعمیرات صفائی ، باغبانی اور ایم سی آر سی اور ٹیم آر سی اے کا بھی تشکر کیا۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

رجحان ساز

Copyright © 2025 Probitas News Network