دلی این سی آر

جامعہ ملیہ اسلامیہ میں اینڈ سمسٹر امتحانات اور داخلہ ٹسٹ ریکارڈ ٹائم میں مکمل

Published

on

(پی این این)
نئی دہلی :جامعہ ملیہ اسلامیہ نے کامیابی کے ساتھ تعلیمی سیشن دوہزار پچیس چھبیس کے اینڈ سمسٹر امتحانات اور تعلیمی سیشن دوہزار چھبیس ستائیس کے داخلہ ٹیسٹ بروقت، شفاف اور موثر انداز میں منعقد کیے۔دوسو اسی سے زیادہ تعلیمی پروگراموں کے اختتامی سمسٹر کے امتحانات دو مئی سے پچیس مئی دوہزار چھبیس تک منعقد کیے گئے۔
جس کے طفیل یونیورسٹی پچیس مئی دوہزار چھبیس سے طے شدہ موسم گرما کی تعطیلات شروع کرسکی۔ مختلف انڈر گریجویٹ، ڈپلوما اور پوسٹ گریجویٹ پروگراموں میں تقریباً بیس ہزار طلبہ امتحانات میں شرکت ہوئے۔یونیورسٹی نے امتحانی نتائج کے بروقت اعلان کو بھی یقینی بنایا۔ امتحانات کے کنٹرولر کے دفتر نے طلبہ اور فیکلٹی اراکین کے لیے جامع معیاری آپریٹنگ طریقہ کار جاری کیے تاکہ امتحانات کے ہموار انعقاد اور جانچ شدہ جوابی کاپیوں کو فوری طور پر جمع کرایا جا سکے۔ اس کے نتیجے میں تقریباً آٹھ سو امتحانی نتائج کا اعلان مقررہ وقت پر کیا گیا۔قومی تعلیمی پالیسی دوہزار بیس کے مقاصد کے مطابق پہلی بار، SWAYAM کورسز کو یونیورسٹی کے تعلیمی نصاب اور امتحانی نظام میں شامل کیا گیا۔نتائج کے بروقت اعلان کے ساتھ ساتھ گریڈ شیٹس اور عارضی ڈگریوں کے فوری اجرا سے طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے لیے درخواست دینے اور بغیر کسی تاخیر کے روزگار کے مواقع دستیاب ہوئے۔ دفتر،کنٹرولر امتحانات نے تعلیمی سیشن دوہزار چھبیس ستائیس کے لیے دو سو اسی سے زیادہ پروگراموں کے لیے داخلہ ٹیسٹ بھی کامیابی کے ساتھ منعقد کرائے۔ اس کے علاوہ پی ایچ ڈی کے لیے داخلہ امتحانات۔ پروگرام اور رہائشی کوچنگ اکیڈمی – سول سروسز کوچنگ پروگرام آسانی کے ساتھ شیڈول کے مطابق منعقد کیے گئے۔یونیورسٹی کو اپنے انڈرگریجویٹ، پوسٹ گریجویٹ، پی جی ڈپلومہ، ایڈوانسڈ ڈپلومہ، ڈپلومہ، اور سرٹیفکیٹ پروگراموں میں داخلے کے لیے ایک لاکھ سے زیادہ درخواستیں موصول ہوئیں۔ ملک کے سولہ شہروں یعنی دہلی، لکھنؤ، پٹنہ، سری نگر، جموں، جے پور، گوہاٹی، کولکتہ، ممبئی، بھوپال، کشن گنج، دہرادون، کالی کٹ، بنگلورو، حیدرآباد، اور رانچی میں داخلہ ٹسٹ کامیابی کے ساتھ منعقد کیے گئے۔پچیس تعلیمی پروگراموں میں داخلے CUET کے اسکور کی بنیاد پر ہوں گے، جب کہ بی۔ٹیک میں داخلے اور بی۔آرک پروگراموں میں بالترتیب جے ای ای(مین) دوہزار چھبیس اور ناٹا دوہزار چھبیس کی درجہ بندی پر مبنی ہوں گے۔ انٹیگریٹڈ ٹیچر ایجوکیشن پروگرام (بی ایڈ،آئی ٹی ای پی) میں داخلے این سی ای ٹی دوہزار چھبیس کی میرٹ کی بنیاد پر کیے جائیں گے۔ داخلوں کے نتائج کا اعلان شروع ہو چکا ہے۔یونیورسٹی نے پانچ شہروں میں جامعہ کے اسکولوں کی چھٹی، نویں اور گیارہویں (سائنس، آرٹس اور کامرس) جماعتوں کے لیے داخلہ ٹسٹ بھی منعقد کیے۔ اسکول کے تعلیمی پروگراموں میں داخلے کے لیے ترپن ہزار پانچ سو چورانوے سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں۔
کنٹرولر امتحانات، پروفیسر احتشام الحق نےپروفیسر مظہر آصف شیخ الجامعہ اور پروفیسر محمد مہتاب عالم رضوی،مسجل،جامعہ ملیہ اسلامیہ کا شکریہ ادا کیا؛ انہوں نے امتحانات اور داخلوں کے عمل کو منصفانہ، شفاف اور مقررہ وقت پر مکمل کرنے اور نتائج کے بروقت اعلان کو یقینی بنانے سے متعلق یونیورسٹی کی پالیسی پر عمل درآمد میں ان کی مسلسل رہنمائی اور تعاون کو سراہا۔پروفیسر حق نے بتایا کہ یونیورسٹی کے اینڈ سمسٹر کے امتحانات اور داخلہ ٹسٹ تقریباً ایک ہی وقت میں جامع منصوبہ بندی اور یونیورسٹی کے وسائل کے بہترین استعمال کے ذریعے منعقد کیے گئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ، SWAYAM کورسز کے تعارف کے علاوہ، داخلے کے عمل میں قومی تعلیمی پالیسی دوہزار بیس کے تحت متعدد داخلے کی دفعات کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ داخلے کے عمل میں ایمان داری اور شفافیت کو مضبوط ومستحکم بنانے کے لیے اس سال اضافی حفاظتی اقدامات کیے گئے تھے۔ نقل اور دیگر غیر منصفانہ طریقوں کا پتہ لگانے اور ان کی روک تھام کے لیے تمام داخلہ امتحانی مراکز کے داخلی دروازوں پر میٹل ڈیٹیکٹر تعینات کیے گئے تھے۔ پروفیسر حق نے مقررہ مدت کے اندر اس بڑی مشق کو کامیابی سے مکمل کرنے پر کنٹرولر امتحانات کے دفتر کے عملے کی انتھک کاوشوں کو بھی سراہا۔ پروفیسر حق نے فیکلٹیز کے ڈین، شعبوں کے صدور، سینٹرز کے ڈائریکٹرز، فیکلٹی اراکین کی جانب سے امتحان سے متعلق کام کو وقت پر مکمل کرنے اور پالیسی کے نفاذ میں تعاون کے لیے ان کی تعریف کی ہے۔عزت مآب پروفیسر مظہر آصف،شیخ الجامعہ،جامعہ ملیہ اسلامیہ نے اپنے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پروفیسر احتشام الحق اور ان کی ٹیم کو امتحان اور داخلہ کے عمل کو ریکارڈ وقت میں مکمل منصوبہ بندی اور موثر طریقے سے انجام دینے پر مبارک باد دی۔ انہوں نے کہاکہ امتحانات کا بروقت انعقاد، داخلوں اور نتائج کا اعلان یونیورسٹی کی تعلیمی منصوبہ بندی اور مستقبل کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔ عالی وقارپروفیسر محمد مہتاب عالم رضوی،مسجل جامعہ ملیہ اسلامیہ نے بھی انتہائی مربوط اور پیشہ ورانہ انداز میں اس کام کو انجام دینے پر کنٹرولر امتحانات اور ان کی ٹیم کو مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے یونیورسٹی کی جانب سے پرنٹنگ کی سہولت کے آغازاور آٹومیشن وخودکاری کے مسلسل اقدامات کو خاص طور پر سراہتے ہوئے کنٹرولر امتحانات پروفیسر حق کی کوششوں کی تعریف کی جنہوں نے امتحان کے نظام اور اس کی کارکردگی و شفافیت کو نمایاں طور پر بہتر کیا ہے۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

رجحان ساز

Copyright © 2025 Probitas News Network