Bihar

تمام سوشلسٹ پارٹیوںکوبی جے پی کے خلاف ہونا ہوگا متحد،سیتامڑھی میںراشٹریہ جنتا دل کے 30ویں یومِ تاسیس کے موقع پر تنظیم کو بوتھ سطح تک مضبوط بنانے کا عزم

Published

on

(پی این این)
سیتامڑھی:راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے 30ویں یومِ تاسیس کے موقع پر سیتامڑھی کے شپرہ گارڈن میں ایک باوقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ پروگرام کی صدارت ضلع صدر اور سابق رکنِ اسمبلی سنیل کمار کشواہا نے کی، جبکہ نظامت ضلع پرنسپل جنرل سکریٹری محمد جلال الدین خان نے انجام دی۔
تقریب میں پارٹی عہدیداران، مختلف سیلوں کے صدور، بلاک صدور، سینئر رہنماؤں اور بڑی تعداد میں کارکنان نے شرکت کی۔ دوپہر ایک بجے زوم میٹنگ کے ذریعے راشٹریہ جنتا دل کے کارگزار صدر اور قائدِ حزبِ اختلاف تیجسوی پرساد یادو نے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے تنظیم کو بوتھ سطح تک مضبوط بنانے، باہمی ہم آہنگی برقرار رکھنے اور آئندہ انتخابات کے پیشِ نظر عوام کے درمیان سرگرم رہنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کارکنان پر زور دیا کہ وہ مکمل اخلاص اور لگن کے ساتھ پارٹی کو مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔سابق رکنِ پارلیمنٹ ڈاکٹر ارجن رائے نے اپنے خطاب میں کہا کہ تمام سوشلسٹ نظریات رکھنے والی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر آکر بھارتیہ جنتا پارٹی کے خلاف متحد ہو کر جدوجہد کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا انتشار بی جے پی کو اقتدار میں برقرار رہنے کا موقع فراہم کرتا ہے، اس لیے وسیع اپوزیشن اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ضلع انچارج سروَن کشواہا نے کہا کہ تنظیم کو مضبوط بنانے کے لیے آخری صف میں کھڑے مخلص کارکنوں کو مناسب عزت و احترام دینا ضروری ہے۔ انہوں نے پنچایت، بلاک اور بوتھ سطح تک تنظیم کو مزید فعال بنانے اور کارکنان کے درمیان رابطہ و ہم آہنگی بڑھانے پر زور دیا۔
اپنے صدارتی خطاب میں ضلع صدر اور سابق رکنِ اسمبلی سنیل کمار کشواہا نے کہا کہ ڈاکٹر رام منوہر لوہیا، جن نائک کرپوری ٹھاکر اور راشٹریہ جنتا دل کے قومی صدر لالو پرساد یادو کے سوشلسٹ افکار کو سماج کے آخری فرد تک پہنچانا ہر کارکن کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کارکنان سے اپیل کی کہ وہ انہی نظریات کو عوام تک پہنچانے کے لیے پوری سنجیدگی اور عزم کے ساتھ کام کریں۔
تقریب کے اختتام پر سورسنڈ کے سابق رکنِ اسمبلی ناگیندر پرساد یادو، سیدپور کے سابق رکنِ اسمبلی بھولا رائے کے اہلِ خانہ اور اسکالر ہب، چک مہیلا کے بانی مرحوم منی بھوشن عرف پنٹو کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا گیا۔ تمام شرکاء نے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کرکے مرحومین کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔ تقریب میں سابق رکنِ اسمبلی سنجے گپتا، چندن یادو، اسمیتا پوروے، آفتاب عالم منٹو، نان پور بلاک صدر محمد ذاکر حسین سمیت متعدد سینئر رہنما، عہدیداران اور کارکنان شریک ہوئے۔ آخر میں تمام حاضرین نے راشٹریہ جنتا دل کی تنظیم کو مزید مضبوط بنانے اور پارٹی کے نظریات کو گھر گھر پہنچانے کا اجتماعی عہد کیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

رجحان ساز

Copyright © 2025 Probitas News Network