Bihar
تعلیمی خدمات کے اعتراف میں مولانا شاہد عادل قاسمی’’سر سید ایوارڈ‘‘سے سرفراز
(پی این این)
ارریہ: راہی فاؤنڈیشن بہار کی جانب سے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کو اعزاز سے نوازنے کی تقریب میں معروف عالمِ دین، ادیب، مصنف اور ماہرِ تعلیم مولانا شاہد عادل قاسمی کو تعلیمی خدمات کے اعتراف میں’’سر سید ایوارڈ‘‘سے سرفراز کیا گیا۔
مولانا شاہد عادل قاسمی ایک ہمہ جہت شخصیت کے مالک ہیں۔ آپ نے دینی، تعلیمی، ادبی اور سماجی میدانوں میں گراں قدر خدمات انجام دی ہیں۔ آپ متعدد علمی و تحقیقی کتابوں کے مصنف ہیں، جن کی تصانیف علمی حلقوں میں قدر کی نگاہ سے دیکھی جاتی ہیں۔ تعلیم کے فروغ، نئی نسل کی فکری و اخلاقی تربیت اور اردو زبان و ادب کی ترویج میں بھی آپ کی خدمات نمایاں رہی ہیں۔ تقریب میں راہی فاؤنڈیشن بہار کے ذمہ داران نے کہا کہ مولانا شاہد عادل قاسمی کی علمی و تعلیمی خدمات نوجوان نسل کے لیے مشعلِ راہ ہیں، اسی اعتراف میں انہیں “سر سید ایوارڈ” پیش کیا گیا۔
مولانا شاہد عادل قاسمی کو اس باوقار اعزاز سے نوازے جانے پر علمی، ادبی، دینی اور سماجی حلقوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ صحافی پرویز علیگ، ناول نگار رضی احمد تنہا، شاعر ماسٹر دین رضا اختر، رہبان علی راکیش سمیت معزز شخصیات نے انہیں مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس اعزاز کو ان کی مسلسل علمی و تعلیمی خدمات کا اعتراف قرار دیا۔