دلی این سی آر

بی جے پی کیلئے اقتدار حاصل کرنے کا ذریعہ ہیں رام :ارند کجریوال

Published

on

نئی دہلی: لکھنؤ میں بی جے پی کے قومی صدر نتن نوین کے قافلے کے آگے ہنومان جی کے بھیس میں رقص کرنے والے ایک شخص کی وائرل ویڈیو پر عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کیجریوال سمیت پارٹی کے متعدد سینئر رہنماؤں نے سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔ اروند کیجریوال نے کہا کہ ہندو دھرم کو جتنا نقصان اور اس کی جتنی توہین بی جے پی کے لوگوں نے کی ہے، شاید بھارت کی پانچ ہزار سالہ تاریخ میں باہر سے آنے والے حملہ آوروں نے بھی نہیں کی ہوگی۔ جتنا ان لوگوں نے ہندوؤں کو لوٹا ہے، اتنا آج تک کسی نے نہیں لوٹا۔ بی جے پی کے لوگ ہندو دھرم پر ایک کلنک ہیں۔ انہوں نے نتن نوین سے کہا کہ آپ یہ کیا کر رہے ہیں؟ کیا آپ کو شرم آتی ہے؟ پورے ہندو سماج سے معافی مانگیے۔ اروند کیجریوال نے بی جے پی کے قومی صدر نتن نوین کی ریلی میں ان کی گاڑی کے آگے بھگوان ہنومان کے بھیس میں بی جے پی کا جھنڈا ہاتھ میں لے کر رقص کرنے والے شخص کی ویڈیو اور اپنی جانب سے ہنومان جی کی پوجا کرتے ہوئے ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں تصویریں ہندو عقیدے کے تئیں دو مختلف نظریات کی علامت ہیں۔ ہماری نظریاتی سوچ یہ ہے کہ ہم بھگوان رام اور ہنومان جی کے بھکت ہیں، ان کے تئیں عقیدت اور آستھا رکھتے ہیں۔ ہم ان کی پوجا کرتے ہیں، ان کے سامنے سر جھکاتے ہیں اور ان کا آشیرواد حاصل کرتے ہیں۔ جبکہ ان کی سوچ یہ ہے کہ یہ لوگ ہنومان جی اور رام چندر جی کو بھگوان ہی نہیں مانتے۔ ان کے لیے رام اور ہنومان صرف اقتدار اور دولت حاصل کرنے کا ذریعہ ہیں۔ انہیں بھگوان کی توہین کرنے میں کوئی جھجک محسوس نہیں ہوتی۔
ادھر عام آدمی پارٹی کے سینئر رہنما اور راجیہ سبھا رکن سنجے سنگھ نے کہا کہ یہ کیا مذاق بنا رکھا ہے؟ بی جے پی کے رہنما اپنے جلوس میں بھگوان بجرنگ بلی کو بی جے پی کا جھنڈا تھما کر نچوا رہے ہیں۔ اگر یہی حال رہا تو بی جے پی ہندو دھرم ختم کرکے بی جے پی دھرم نافذ کر دے گی۔ اپنے رہنماؤں کو بھگوان قرار دے کر ان کے مندر بنوائے گی اور ملک کے عوام سے ان کی پوجا کروائے گی۔
اس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے آپ کے دہلی ریاستی صدر سوربھ بھاردواج نے نتن نوین سے کہا کہ لاکھوں ہندوؤں کی طرح میرے مذہبی جذبات بھی اس سے مجروح ہوئے ہیں۔ یہ براہِ راست میرے ہندو دھرم اور میرے آرادھیہ ہنومان جی کی توہین ہے۔ براہِ کرم آپ اپنے اس عمل پر معافی مانگ لیجیے۔ ہنومان جی کے مندر جا کر معافی طلب کر لیجیے، اس سے آپ چھوٹے نہیں ہو جائیں گے۔ میں بی جے پی سے بھی کہوں گا کہ بطور پارٹی آپ اس عمل پر معافی مانگ لیجیے۔
اسی ویڈیو کو ری پوسٹ کرتے ہوئے عام آدمی پارٹی کی سینئر رہنما اور دہلی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف آتشی نے کہا کہ بی جے پی کے جو رہنما کل سے یہ شور مچا رہے ہیں کہ نتن نوین کی توہین ہو گئی، کیا وہ آج بجرنگ بلی کی توہین کے بارے میں منہ کھولنے کی ہمت رکھتے ہیں؟ ریکھا گپتا اور بی جے پی کے قومی صدر نتن نوین اپنے آپ کو ہنومان جی سے بھی بڑا سمجھتے ہیں اور بھگوان کو اپنے سامنے پارٹی کے جھنڈے کے ساتھ نچواتے ہیں۔ آتشی نے سوال کیا کہ نتن نوین کے اس غرور پر وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا کوئی تبصرہ کرنا چاہیں گی یا پھر ہنومان جی کی توہین پر انہیں بولنے سے منع کر دیا گیا ہے؟

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

رجحان ساز

Copyright © 2025 Probitas News Network