Bihar
بہار کےتمام اسپتالوں کوبنایا جائے گا ’سپر اسپیشلٹی‘ ،ریاست کے سرکاری اسپتالوں میں نصب کیے جائیں گے کیمرے، ڈاکٹروں کی نگرانی ہوگی مزید سخت، وزیرصحت کا اعلان
(پی این این)
پٹنہ:بہار کے وزیرِ صحت کا عہدہ سنبھالنے کے بعد نشانت کمار پوری طرح متحرک نظر آ رہے ہیں۔ وہ مسلسل سرکاری اسپتالوں کا دورہ کر رہے ہیں، لاپروائی برتنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کر رہے ہیں اور صحت کے شعبے میں ایک کے بعد ایک اہم فیصلے بھی لے رہے ہیں۔اسی سلسلے میں نشانت کمار نے اعلان کیا ہے کہ بہار کے تمام سرکاری اسپتالوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں گے۔
حکومت کا مقصد یہ ہے کہ اسپتالوں میں ڈاکٹروں اور دیگر طبی عملے کی کارکردگی پر مؤثر نگرانی رکھی جا سکے اور یہ یقینی بنایا جا سکے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری دیانت داری اور نظم و ضبط کے ساتھ انجام دے رہے ہیں۔وزیرِ صحت نے مزید بتایا کہ ریاست کے تمام ضلعی اسپتالوں کو مرحلہ وار سپر اسپیشلٹی اسپتالوں میں تبدیل کیا جائے گا، جبکہ تمام کمیونٹی ہیلتھ سینٹرز (سی ایچ سی) کو اسپیشلٹی اسپتالوں کی شکل میں ترقی دی جائے گی، تاکہ عوام کو اپنے اضلاع اور مقامی سطح پر ہی بہتر اور معیاری طبی سہولتیں میسر آ سکیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ صحت نشانت کمار نے کہا’’ہماری کوشش ہے کہ حکومت کی فراہم کردہ دوائیں واقعی عوام تک پہنچیں۔ ہم اس بات کو یقینی بنانے کیلئے مسلسل کام کر رہے ہیں کہ دوائیں صحیح مقدار میں اور مناسب طریقے سے مستحق مریضوں تک پہنچیں۔انہوں نے کہا کہ ہماری سب سے بڑی مشکل ڈاکٹروں اور دیگر طبی عملے کی غیر حاضری ہے، جس پر قابو پانے کے لیے ہم سنجیدگی سے کام کر رہے ہیں۔ بہار میں تقریباً 15 ہزار سرکاری صحت کے ادارے ہیں اور ہم ان سبھی میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کروا رہے ہیں‘‘۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم ایک ایسا سافٹ ویئر تیار کر رہے ہیں جس کے ذریعے کسی بھی ڈاکٹر کی اسپتال میں آمد و رفت کے ساتھ ساتھ اس کی پوری کارکردگی کا ریکارڈ محفوظ رکھا جا سکے گا۔ مثال کے طور پر اگر کوئی ڈاکٹر صبح 9 بجے اسپتال آتا ہے اور دوپہر ایک بجے واپس جاتا ہے تو اس دوران اس نے او پی ڈی میں مریضوں کا معائنہ کیا، آئی پی ڈی کی خدمات انجام دیں، سرجری کی یا کوئی اور طبی ذمہ داری نبھائی، ان تمام سرگرمیوں کا مکمل ریکارڈ ہمارے پاس موجود ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ تمام سرکاری صحت مراکز میں کیمرے نصب کیے جا رہے ہیں تاکہ انہی کی مدد سے مؤثر نگرانی کی جا سکے۔ میں خود بھی اس پورے نظام کی نگرانی کروں گا۔‘‘وزیرِ صحت نشانت کمار نے بتایا کہ بہار کے پانچ زونز میں 11 لیول-3 اور 5 لیول-2 ٹراما سینٹر قائم کیے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ ایل این جے پی اسپتال میں 400 بستروں پر مشتمل ایک نئے اسپتال کی بھی تعمیر کی جائے گی‘‘۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی وزیرِ صحت نشانت کمار نے پی ایم سی ایچ، پٹنہ کے دورے کے دوران لاپروائی برتنے کے الزام میں قائم مقام پرنسپل کے خلاف کارروائی کی تھی۔بہار حکومت نے ڈیوٹی سے غیر حاضر رہنے اور انتظامی غفلت کے الزامات کے باعث نریندر پرتاپ سنگھ کو پٹنہ میڈیکل کالج اینڈ اسپتال (پی ایم سی ایچ) کے قائم مقام پرنسپل کے اضافی چارج سے ہٹا دیا تھا۔یہ کارروائی وزیرِ صحت نشانت کمار کے پی ایم سی ایچ کے پہلے سے طے شدہ معائنے کے بعد عمل میں آئی۔ معائنے کے دوران وزیرِ صحت نے پایا کہ قائم مقام پرنسپل نریندر پرتاپ سنگھ اپنے دفتر میں موجود نہیں تھے۔ انہوں نے نہ تو اپنی غیر حاضری کی پیشگی اطلاع دی تھی اور نہ ہی اپنی جگہ کسی دوسرے افسر کو ذمہ داری سونپی تھی۔