Bihar

بہار کو ترقی یافتہ ریاست بنانے کیلئے بہترتال میل ضروری،وزیراعلیٰ سمراٹ چودھری کی رہائش گاہ پر این ڈی اے کی اہم میٹنگ منعقد،نتیش کمار بھی ہوئے شریک،ریاست میںبلاک کی سطح پرمتحدہوکر کام کرنے کا کیا گیا عزم

Published

on

(پی این این)
پٹنہ:بہار کے وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری کی پٹنہ میں واقع ایک اَنے مارگ رہائش گاہ پر این ڈی اے کی ایک اہم میٹنگ منعقد ہوئی۔ میٹنگ میں شرکت سے قبل جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) کے کارگزار صدر سنجے جھا نے کہا کہ اتحادی جماعتوں کے درمیان صرف پٹنہ ہی نہیں بلکہ ہر ضلع اور ہر بلاک کی سطح تک بہتر تال میل ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اسی مقصد کے تحت اس اجلاس کا انعقاد کیا گیا ہے۔
اس میٹنگ میں بہار این ڈی اے کی پانچوں اتحادی جماعتوںبھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی)، جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو)، لوک جن شکتی پارٹی (رام ولاس)، ہندوستانی عوام مورچہ (ہم) اور راشٹریہ لوک مورچہ (رالومو)کے ضلعی صدور اور سینئر رہنما شریک ہوئے۔
جے ڈی یو کے کارگزار صدر سنجے جھا نے پٹنہ میں ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس اجلاس کا مقصد صرف آئندہ کی حکمتِ عملی تیار کرنا نہیں، بلکہ ضلع اور بلاک کی سطح تک بہتر ہم آہنگی قائم کرکے بہار میں ترقیاتی کاموں کو مزید مؤثر بنانا بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ اب تال میل صرف پٹنہ تک محدود نہیں رہنا چاہیے، بلکہ ہر ضلع اور ہر بلاک کی سطح پر تنظیم اور حکومت کے درمیان مضبوط اور مؤثر ہم آہنگی ناگزیر ہے۔
جے ڈی یو کے لیڈرسنجے جھا نے کہا کہ اس اجلاس میں گزشتہ سال بہار میں ہونے والے انتخابات کے بعد موصول ہونے والے عوامی تاثرات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ ضلعی صدور اپنے اپنے علاقوں کی زمینی صورتحال، جاری ترقیاتی منصوبوں، عوامی توقعات اور مقامی ضروریات سے متعلق تفصیلی معلومات پیش کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ان تجاویز اور آراء کی بنیاد پر آئندہ کی منصوبہ بندی کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔ سنجے جھا کے مطابق زمینی حقائق اور عوامی رائے کو مدنظر رکھ کر تیار کی جانے والی منصوبہ بندیاں زیادہ کامیاب ثابت ہوتی ہیں اور ان کے ثمرات براہِ راست عوام تک پہنچتے ہیں۔
نتیش کمار کے وزیر اعلیٰ کے عہدے سے سبکدوش ہونے اور سمراٹ چودھری کے وزیر اعلیٰ بننے کے بعد این ڈی اے کا یہ پہلا بڑا اجلاس ہے۔ اس میں اتحاد کی تمام جماعتوں کے سینئر رہنماؤں کے ساتھ ساتھ پانچوں اتحادی جماعتوں کے ضلعی صدور کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری خود ضلعی سطح کے رہنماؤں اور عہدیداروں سے براہِ راست گفتگو کرکے مختلف اضلاع کی زمینی صورتحال اور عوامی آراء سے متعلق فیڈ بیک حاصل کر رہے ہیں۔جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) کے قومی صدر نتیش کمار بھی این ڈی اے کے اس اہم اجلاس میں شریک ہوئے۔ وہ پٹنہ کے ایک اَنے مارگ پر واقع وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری کی سرکاری رہائش گاہ پہنچے۔
این ڈی اے کے اجلاس میں شرکت کے لیے پٹنہ پہنچے مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ نتیانند رائے نے کہا کہ بہار کو ایک ترقی یافتہ ریاست بنانے کے لیے این ڈی اے کی حکومت اور اس کی اتحادی جماعتیں باہمی تال میل کے ساتھ کام کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس اجلاس میں ریاست کی ترقیاتی اسکیموں کا جائزہ، آئندہ کی حکمتِ عملی اور تنظیمی امور سے متعلق اہم معاملات پر تفصیلی غور و خوض کیا جائے گا۔
بہار حکومت کے وزیر سنجے کمار سنگھ نے کہا کہ این ڈی اے کا یہ اجلاس نہایت اہمیت کا حامل ہے، کیونکہ پہلی مرتبہ اتحاد میں شامل تمام جماعتوں کے ضلعی صدور کو ایک ساتھ مدعو کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تمام اتحادی جماعتوں کے ریاستی صدور اور کابینہ کے وزراء بھی اجلاس میں موجود ہیں، جو بہار این ڈی اے کے لیے ایک مثبت اور اہم پیش رفت ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری یہ جاننا چاہتے ہیں کہ مختلف اضلاع میں کن مسائل اور دشواریوں کا سامنا ہے، تاکہ ان کی نشاندہی کے بعد مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

رجحان ساز

Copyright © 2025 Probitas News Network