Bihar

بہار میںتیزی سے پاؤں پھیلا رہا ہے ٹائیفائڈ ،ریاست بھر میں ایک ماہ کے دوران 4 ہزارسے زائد مریض سامنے آنے سے محکمۂ صحت میں ہلچل

Published

on

(پی این این)
پٹنہ:بہار میں ٹائیفائڈ کا قہر بڑھتا جا رہا ہے۔ اگست کے مہینے میں سرکاری اسپتالوں میں جانچ کے دوران 4,102 مریضوں میں اس بیماری کی تصدیق ہوئی ہے۔ وہیں ستمبر کے ابتدائی چار دنوں کے دوران مزید 250 افراد میں ٹائیفائڈ کی تشخیص ہوئی ہے۔
مظفرپور میں اگست کے دوران ٹائیفائڈ کے 161 مریض سامنے آئے، جبکہ یکم سے 3 ستمبر کے درمیان مزید 36 افراد میں اس بیماری کی تصدیق ہوئی۔ ٹائیفائڈ کے شبہے کے پیش نظر اگست میں ریاست کے سرکاری اسپتالوں میں تقریباً 15 ہزار مریضوں کی جانچ کرائی گئی تھی۔ اس دوران صرف مظفرپور میں بھی 353 افراد کا ٹائیفائڈ ٹیسٹ کیا گیا۔
مظفرپور واقع ایس کے ایم سی ایچ کے شعبۂ طب کے سربراہ ڈاکٹر امت کمار نے بتایا کہ ٹائیفائڈ کے مریض مسلسل اسپتال پہنچ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر روز ٹائیفائڈ کی علامات کے حامل 20 سے 30 مریض ایس کے ایم سی ایچ آ رہے ہیں، جن کا جانچ رپورٹ کی بنیاد پر علاج کیا جا رہا ہے۔سرکاری اسپتالوں کے ساتھ ساتھ نجی اسپتالوں کی او پی ڈی میں بھی ٹائیفائڈ کی علامات والے مریض بڑی تعداد میں پہنچ رہے ہیں۔
سرکاری اسپتالوں کے علاوہ نجی لیبارٹریوں میں بھی روزانہ اوسطاً تقریباً 100 مریضوں میں ٹائیفائڈ کی تصدیق ہو رہی ہے۔ بیماری کے علاج کے اخراجات کے باعث غریب طبقے سے تعلق رکھنے والے مریضوں کی مالی حالت بھی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔
جورن چھپرا واقع ایک نجی لیبارٹری کے منتظم نے بتایا کہ ہر روز بڑی تعداد میں مریض وائیڈل ٹیسٹ کرانے کے لیے پہنچ رہے ہیں اور ان میں سے بیشتر میں ٹائیفائڈ کی تصدیق ہو رہی ہے۔ شہر کے ہر علاقے سے مریض وائیڈل جانچ کے لیے نمونے دینے آ رہے ہیں۔ اس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ ٹائیفائڈ کس تیزی کے ساتھ اپنے پاؤں پھیلا رہا ہے۔
ٹائیفائڈ کے علاج کے لیے مریضوں کو ہائی ڈوز اینٹی بایوٹک اور دیگر ادویات دینی پڑ رہی ہیں۔ ہائی ڈوز ادویات دینے کے باوجود ٹائیفائڈ کو ٹھیک ہونے میں 20 دن تک کا وقت لگ رہا ہے۔ اس کے بعد بھی مریضوں میں کافی کمزوری برقرار رہ رہی ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق وائرل بخار اور ٹائیفائڈ میں مبتلا ہونے کے بعد کئی مریضوں میں پلیٹ لیٹس کی تعداد بھی کم ہو رہی ہے۔
بہار میں صحت کی خدمات کو بہتر بنانے کے لیے حکومت کی سطح پر کوششیں جاری ہیں۔ وزیرِ صحت نشانت کمار نے دو روز قبل مظفرپور کے ایس کے ایم سی ایچ کا دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے 30 بستروں پر مشتمل آئی سی یو کا افتتاح کیا۔
انہوں نے ایس کے ایم سی ایچ احاطے میں واقع ہومی بھابھا کینسر ہاسپٹل اینڈ ریسرچ سینٹر میں علاج کے انتظامات اور دستیاب سہولیات کا بھی جائزہ لیا۔ریاست میں گھر گھر جا کر لوگوں کی صحت کی جانچ کے لیے مہم بھی چلائی گئی ہے۔ وزیرِ اعلیٰ سمراٹ چودھری نے دو روز قبل بیداری رتھ کو روانہ کیا۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

رجحان ساز

Copyright © 2025 Probitas News Network