Bihar
بانکی پور میں پرشانت کشور کو تیج پرتاپ یادو کی حمایت
(پی این این)
پٹنہ:بہار کی بانکی پور اسمبلی نشست سے انتخاب لڑ رہے جن سوراج پارٹی کے سرپرست پرشانت کشور کو جن شکتی جنتا دل (جے جے ڈی) کی حمایت حاصل ہو گئی ہے۔ جے جے ڈی کے قومی صدر تیج پرتاپ یادو نے ضمنی انتخاب میں پرشانت کشور کی حمایت کا باضابطہ اعلان کیا ہے۔
انہوں نے اپنے والد لالو پرساد یادو اور چھوٹے بھائی تیجسوی یادو کی جماعت، راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ بانکی پور سے پارٹی کی امیدوار ریکھا گپتا کے بجائے پرشانت کشور کی حمایت کرے اور جن سوراج کا ساتھ دے۔واضح رہے کہ بانکی پور سے جے جے ڈی کی امیدوار وینا مانوی عرف وینا مانڈوی کا پرچۂ نامزدگی مسترد ہو گیا تھا، جس کے بعد تیج پرتاپ یادو کی پارٹی اس انتخابی مقابلے سے باہر ہو گئی۔
بہار کے سابق وزیر اور جن شکتی جنتا دل (جے جے ڈی) کے سربراہ تیج پرتاپ یادو نے ہفتہ کے روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ بانکی پور سے صحیح اور اہل نمائندے منتخب ہو کر آئیں تاکہ عوام کو انصاف مل سکے۔انہوں نے کہا کہ بانکی پور سے راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کی امیدوار بھی میدان میں ہیں، لیکن ان کی خواہش ہے کہ آر جے ڈی کی امیدوار ریکھا گپتا بھی پرشانت کشور کی حمایت کریں۔
بانکی پور اسمبلی نشست کے ضمنی انتخاب سے قبل بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) مسلسل پرشانت کشور کو سیاسی جھٹکے دے رہی ہے۔ گزشتہ چند دنوں کے دوران جن سوراج پارٹی کے کئی سرکردہ رہنما پارٹی چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہو چکے ہیں۔ ان میں کے سی سنہا، چیتنا جھانب سمیت درجنوں رہنما شامل ہیں۔
بی جے پی کی جانب سے لگاتار ملنے والے ان سیاسی جھٹکوں کے درمیان تیج پرتاپ یادو نے پرشانت کشور کی اخلاقی حمایت کا اعلان کرکے انہیں سیاسی تقویت فراہم کرنے کی کوشش کی ہے۔تیج پرتاپ یادو نے سماجی کارکن وینا مانوی کو بانکی پور ضمنی انتخاب کے لیے اپنی پارٹی کا ٹکٹ دیا تھا۔ وینا مانوی نے 13 جولائی کو اپنا پرچۂ نامزدگی بھی داخل کر دیا تھا، تاہم الیکشن کمیشن کی جانچ پڑتال (اسکروٹنی) کے دوران ان کا پرچۂ نامزدگی مسترد کر دیا گیا، جس کے بعد وہ انتخابی دوڑ سے باہر ہو گئیں۔اس کے بعد سے سیاسی حلقوں میں یہ سوال زیرِ بحث تھا کہ بانکی پور ضمنی انتخاب میں تیج پرتاپ یادو آخر کس امیدوار کی حمایت کریں گے۔
تین روز قبل جن شکتی جنتا دل (جے جے ڈی) کے سربراہ تیج پرتاپ یادو نے کہا تھا کہ وہ اس معاملے پر پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کے بعد فیصلہ کریں گے۔ اس کے بعد انہوں نے جن سوراج پارٹی کے امیدوار پرشانت کشور کی حمایت کا باضابطہ اعلان کر دیا۔تاہم، اس معاملے پر تاحال جن سوراج پارٹی کی جانب سے کوئی باضابطہ ردِعمل یا بیان سامنے نہیں آیا ہے۔