uttar pradesh

اے ایم یو کے نرسنگ کالج میں اعضا کے عطیہ اور منشیات کے استعمال کے خلاف بیداری پروگرام منعقد

Published

on

(پی این این)
علی گڑھ:علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے نرسنگ کالج نے اعضا کے عطیہ اور منشیات کی روک تھام کے سلسلہ میں دو مختلف بیداری پروگرام منعقد کیے۔ بی ایس سی نرسنگ کے طلبہ نے عوامی صحت سے متعلق اہم مسائل کے بارے میں بیداری پیدا کرنے میں فعال کردار ادا کیا۔یہ پروگرام کالج آف نرسنگ کی پرنسپل پروفیسر فرح اعظمی کی رہنمائی میں منعقد کیے گئے۔
عالمی یومِ اعضا عطیہ کے موقع پر بی ایس سی نرسنگ کے تیسرے سمسٹر کے طلبہ نے اعضا عطیہ کوزندگی بچانے کے لئے ضروری قرار دیا۔ پروگرام کو نرسنگ ٹیوٹر محترمہ شیوانی اے مسیح نے مربوط کیا۔ اے این ایس ہما روحی اور اسپتال کے دیگر عملے کے اراکین موجود تھے۔ طلبہ سلونی شرما، الویہ خان، ادیبہ خان اور طارق انور نے پرزنٹیشن کے ذریعہ اہم انسانی اعضا کے افعال، اعضا کے ناکام ہونے کے اثرات اور زندگی بچانے میں فرد کی موت کے بعد اعضا کے عطیہ کی اہمیت کو واضح کیا۔طلبہ نے ہندوستان میں اعضا کی پیوند کاری کے میدان میں ہونے والی پیش رفت اور نیشنل آرگن اینڈ ٹشو ٹرانسپلانٹ آرگنائزیشن (این اے ٹی ٹی او) کے کردار پر بھی گفتگو کی۔ انہوں نے غلط فہمیوں کو دور کرنے اور لوگوں کو اعضا عطیہ کرنے کے عہدکیلئے راغب کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ شیوانی اے مسیح نے آنکھیں عطیہ کرنے کے عہد سے متعلق اپنا سرٹیفکیٹ بھی پیش کیا اور حاضرین سے اپیل کی کہ وہ اپنے کنبوں میں اعضا عطیہ کے موضوع پر گفتگو کریں اور اعضاکو عطیہ کرنے کا عہد کریں۔ آخر میں اعضا عطیہ کرنے کی اہلیت اور رجسٹریشن کے طریقہ کار پر گفتگو کی گئی۔
ایک دوسرا بیداری پروگرام بی ایس سی نرسنگ، ساتویں سمسٹر کے طلبہ نے ”منشیات کا استعمال اور غیر قانونی منشیات اسمگلنگ“ کے موضوع پر ”نشہ سے پاک 10 کروڑ میگاعہد مہم“ کے تحت منعقد کیا۔ ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر وجے لکشمی ورما کی نگرانی میں منعقد ہونے والے اس پروگرام کی نظامت محترمہ شیوانی اے مسیح نے کی۔ پروگرام کو پینل ڈسکشن کی شکل دی گئی۔
مس نندنی سنگھ نے پینل مباحثہ کی نظامت کی، جبکہ مسٹر رامز، مس تنو سنگھ، مسٹر مآذن محمد اقبال اور مس لائنا مشیر نے بالترتیب ڈرگ انفورسمنٹ افسر، ماہرِ نفسیات، میڈیکل ہیلتھ ورکر اورسوشل ورکر کے کردار میں پینلسٹ کی حیثیت سے شرکت کی۔ مس زویا ذاکر اور مس ندا عائشہ نے پروگرام کے منتظمین کے طور پر خدمات انجام دیں، جبکہ مس طوبیٰ فیصل اور مس شہزی رضا خان نے پاور پوائنٹ پرزنٹیشن تیار کی۔ پروگرام میں رضاکار کے طور پر مسٹر محمد افضل انصاری، مسٹر محمد سدھان ایم، مسٹر آصف کریم، مسٹر محمد ریحان اور مسٹر صہیب نے تعاون کیا۔
پینل ڈسکشن میں منشیات کے استعمال اور غیر قانونی منشیات کی اسمگلنگ کے اسباب و نتائج، عام طور پر استعمال کی جانے والی منشیات، ان کے جسمانی، ذہنی اور سماجی اثرات، احتیاطی تدابیر اور نشے کی روک تھام میں طبی شعبے سے وابستہ افراد کے کردار پر گفتگو کی گئی۔ طلبہ نے نشے کے خلاف جدوجہد میں بروقت مداخلت، کاؤنسلنگ، ہیلتھ ایجوکیشن اور معاشرے کی شمولیت کی اہمیت پر زور دیا۔ بی ایس سی نرسنگ دوسرے سمسٹر کی طالبہ مس تمکین کاشف نے اظہارِ تشکر کیا۔
فیکلٹی اراکین ڈاکٹر سفینہ بیوی ایس ایس، ڈاکٹر اسحاق محمد، مس پامیلا ایس جوزف، مس جے این سونجا، مس دیپتی منج، مس روبینہ ناز، مس مہوش مسیح، مس ریشمہ لطفی، مسٹر مصباح معین اور مسٹر محمد فرقان نے بھی پروگراموں میں شرکت کی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

رجحان ساز

Copyright © 2025 Probitas News Network