uttar pradesh

اے ایم یو نے شجرکاری مہم کے ذریعہ سبز مشن کو کیاگیامستحکم

Published

on

علی گڑھ: ماحولیاتی پائیداری اور قدرتی وسائل کے تحفظ کے تئیں اپنے عزم کو مستحکم کرتے ہوئے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو)کے گیسٹ ہاؤس نے شعبہ آراضی و باغات کے اشتراک سے یونیورسٹی گیسٹ ہاؤس نمبر 1 میں شجرکاری مہم 2.0 کا اہتمام کیا جو صاف، سرسبز اور ماحولیات دوست کیمپس کے فروغ کے لیے یونیورسٹی کی مسلسل کوششوں کی عکاس ہے۔
وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون اور سابق وائس چانسلر پروفیسر محمد گلریز نے کچنار اور ٹیبیبوئیا ارجنٹیا کے پودے لگا کر مہم کا آغاز کیا۔ یہ پودے اپنی ماحولیاتی اور جمالیاتی اہمیت کے باعث معروف ہیں اور گیسٹ ہاؤس کے احاطے کی قدرتی خوبصورتی میں اضافہ کرنے کے ساتھ حیاتیاتی تنوع کے تحفظ کے تئیں اے ایم یو کے عزم کو بھی تقویت فراہم کرتے ہیں۔
اس موقع پر پروفیسر نعیمہ خاتون نے کہا کہ ماحولیات کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ مسلسل شجرکاری مہمات اور ان میں لوگوں کی فعال شرکت کے ذریعہ طلبہ، اساتذہ اور ملازمین میں ماحولیاتی شعور کو فروغ دیا جارہا ہے۔ آج لگایا جانے والا ہر پودا ایک صحت مند، سرسبز اور پائیدار مستقبل میں سرمایہ کاری ہے۔
سابق وائس چانسلر پروفیسر محمد گلریز نے کہا کہ مقامی اور موسمی حالات سے ہم آہنگ اقسام کے پودے لگانا ماحولیاتی توازن کے تحفظ اور ہندوستان کے نیٹ زیرو اخراج کے ہدف کے حصول میں نہایت اہم ہے۔ ایسی مہمات نہ صرف کیمپس کے ماحول کو بہتر بناتی ہیں بلکہ آئندہ نسلوں کو بھی فطرت کا ذمہ دار محافظ بننے کی ترغیب دیتی ہیں۔
اس موقع پر پروفیسر محمد مزمل، پروفیسر شکیل احمد، پروفیسر اظہار فاروقی، پروفیسر محمد حسن، پروفیسر وبھا شرما، پروفیسر محمد پرویز، پروفیسر ریاض احمد، ڈاکٹر شمیم احمد، پروفیسر ضیاء صدیقی، پروفیسر عابد علی خاں، پروفیسر عروس الیاس، پروفیسر صفیہ اختر کاظمی،پروفیسر انور شہزاد، ڈاکٹر علی جعفر عابدی اور دیگر اساتذہ و یونیورسٹی کے عہدیداروں نے بھی پودے لگائے اور آئندہ نسلوں کے لیے مزید سرسبز، صاف ستھرا اور ماحولیات دوست کیمپس کی تعمیر کے عزم کا اعادہ کیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

رجحان ساز

Copyright © 2025 Probitas News Network