uttar pradesh

اے ایم یو میں شجرکاری مہمات کے تحت منایا گیا عالمی یوم ماحولیات

Published

on

(پی این این)
علی گڑھ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے مختلف شعبوں اور اداروں نے عالمی یومِ ماحولیات کے موقع پر شجرکاری مہمات اور بیداری پروگراموں کا اہتمام کیا۔ملک گیر مہم ’ایک پیڑ ماں کے نام‘ کے تحت فیکلٹی آف لاء نے ڈین فیکلٹی آف لاء پروفیسر شکیل احمد کی قیادت میں شجرکاری مہم کا اہتمام کیا، جس کے تحت فیکلٹی کے احاطے میں 10 پودے لگائے گئے۔
اس موقع پر پروفیسر حشمت علی خان، پروفیسر رحمت اللہ، پروفیسر علی نواز زیدی، پروفیسر ظفر احمد خان، ڈاکٹر رباب خان، ڈاکٹر محب انور، ڈاکٹر گورو، ڈاکٹر ایس ایم یاور، ڈاکٹر شہاب شبیر اور ڈاکٹر صدام حسین سمیت متعدد اساتذہ موجود تھے۔ اس مہم کے ذریعہ حیاتیاتی تنوع کے تحفظ، پائیدار ترقی اور ماحولیات کے تحفظ کے تئیں اجتماعی ذمہ داری کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔
جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج کے شعبہ فزیالوجی نے پروفیسر گل آر نبی خان، چیئرپرسن، شعبہ فزیالوجی کی قیادت میں شجرکاری پروگرام کا اہتمام کیا جس میں اساتذہ، ریزیڈنٹ ڈاکٹروں اور غیر تدریسی عملے کے اراکین نے شرکت کی۔ پروفیسر خان نے تمام شرکاء کے تعاون کو سراہتے ہوئے ماحولیاتی تحفظ اور پائیداری کے تئیں شعبے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اے ایم یو گرلز اسکول میں بھی قائم مقام پرنسپل محترمہ الکا اگروال کی نگرانی میں شجرکاری پروگرام منعقد کیا گیا۔ اساتذہ، غیر تدریسی عملے کے اراکین اور طالبات نے کیمپس کے مختلف مقامات پر پودے لگائے۔ طالبات سے خطاب کرتے ہوئے محترمہ اگروال نے قدرتی وسائل کے تحفظ اور صاف ستھرے و صحت مند ماحول کی اہمیت پر زور دیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

رجحان ساز

Copyright © 2025 Probitas News Network