Bihar
اورنگ آبادمیں بھیانک سڑک حادثہ، سیاحتی بس اور ٹرک ٹریلر کی ٹکر میں3 افراد ہلاک، 20 سے زائد مسافرزخمی
(پی این این)
اورنگ آباد: ریاست بہار کے ضلع اورنگ آباد کے مفصل تھانہ علاقے میں دیو موڑ کے قریب پیر کی علی الصبح ایک سیاحتی بس اور ٹرک ٹریلر کے درمیان ہونے والے تصادم میں تین سیاح ہلاک جبکہ 20 دیگر زخمی ہو گئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق سیاحوں سے بھری ایک بس بودھ گیا سے وارانسی جا رہی تھی۔ اسی دوران دیو موڑ گاؤں کے نزدیک اوور ٹیک کرنے کی کوشش میں بس کی ٹرک ٹریلر سے زبردست ٹکر ہو گئی۔
حادثے میں بس میں سوار تین سیاح موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جبکہ 20 دیگر زخمی ہو گئے۔ ہلاک ہونے والوں کی شناخت ریاست آندھرا پردیش کے ضلع نلور کے سنگما گاؤں کے رہائشی حضرتیا، فاطمہ وتی اور پشولیٹ وینکٹیش کے طور پر کی گئی ہے۔اورنگ آباد صدر اسپتال کے نائب سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر آشوتوش کمار سنگھ نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ زخمیوں کو اورنگ آباد صدر اسپتال میں داخل کرایا گیا، جہاں ابتدائی علاج کے بعد شدید زخمی آٹھ سیاحوں کو بہتر علاج کے لیے مگدھ میڈیکل کالج اینڈ ہاسپیٹل منتقل کر دیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ جاں بحق افراد کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال بھیج دی گئی ہیں۔