uttar pradesh
انسانیت کی خدمت کرنے والے افراد کو اچیورز ایوارڈ سے نوازا گیا
(پی این این)
بجنور: دہلی کی معروف تنظیم شمع ایجوکیشنل اینڈ پولی ٹیکنیک سوسائٹی کے زیر اہتمام اور سکریٹری محمد صابر کی کوششوں سے، ضلع بجنور کے گاؤں کھیڑکی کے نوجوانوں کو انسانیت کی خدمت کے لیے سیلم پور اسمبلی کے رکن اسمبلی چودھری زبیر احمد کے ہاتھوں اچیورز ایوارڈ سے نوازا گیا۔
شمع این جی او کے قومی جنرل سکریٹری ڈاکٹر محمد فہیم بیگ نے بتایا کہ ضلع بجنور کے گاؤں کھیڑکی کے ایک غریب کسان کرپال سنگھ کے بیٹے ڈاکٹر اتل یادو نے غربت اور دیگر مشکلات کے باوجود اپنی ایم بی بی ایس ہڈیوں کے ماہر کی تعلیم مکمل کی اور سرکاری محکمہ میں ملازمت کے دوران بھی اپنے گاؤں اور اپنی دھرتی کو یاد رکھا اور آج وہ اپنے گاؤں کی خدمت کر رہے ہیں۔
سیلم پور کے رکن اسمبلی چودھری زبیر احمد نے ڈاکٹر اتل یادو کو اچیورز ایوارڈ ٹرافی، شال اور پھولوں سے نوازتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی خوشی کی بات ہے کہ بجنور کے کھیڑکی گاؤں کے غریب کسانوں کے بچوں نے اپنی تعلیم، ہنر اور اپنی کارکردگی سے اپنے گاؤں کا نام روشن کیا ہے اور آج بھی اپنی جڑوں سے جڑ کر اپنے لوگوں کی خدمت کر رہے ہیں۔ میں شمع این جی او کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کے لیے مجھے مدعو کیا اور انہیں اچیورز ایوارڈ سے نوازا۔ ساتھ ہی تنظیم کے سکریٹری محمد صابر فیمس بیکری والے، جو خود کھیڑکی گاؤں کے ہی بیٹے ہیں، انہوں نے اپنے گاؤں اور دہلی کو ایک لڑی میں پرویا ہے، یہ ان کے والد عبدالوہاب کی تربیت ہی ہے جس نے انہیں آج اتنا کامیاب بنایا ہے۔ ڈاکٹر اتل یادو نے تنظیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آج مجھے بہت خوشی اور فخر محسوس ہو رہا ہے کہ میرے گاؤں میں دہلی سے چل کر شمع این جی او کے عہدیداران اور رکن اسمبلی تشریف لائے اور مجھے اعزاز سے نوازا۔ میں اپنے والدین اور پرمیشور کا شکریہ ادا کرتا ہوں، ساتھ ہی میں نے عہد کیا ہے کہ میں ہر ہفتے ایک دن اپنے گاؤں کے غریب لوگوں کی خدمت کروں گا تاکہ انہیں مفت علاج ملے اور انہیں کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ڈاکٹر شکیل ہاشمی، نبیل احمد، حاجی عمران وغیرہ نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
شمع این جی او کے سکریٹری محمد صابر نے تمام مہمانوں، ساتھیوں اور گاؤں کے باشندوں کا شکریہ ادا کیا اور یہ عہد کیا کہ ہم ہمیشہ اپنے گاؤں کھیڑکی کی خدمت کرتے رہیں گے، جیسے طبی سہولیات، سردیوں میں کمبل تقسیم کرنا، یا ہمارے گاؤں کے نوجوانوں کی تعلیم میں مدد، یا نوجوانوں کی جانب سے کسی بھی میدان میں اچھے کام کرنے پر ان کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ تقریب میں حاجی شفیق، سید شاہد راحت، افسر خان، محمد فہیم شاہد، ابو قمر، انس قریشی، فاضل، حافظ صالحین، عرفان منصوری، ضرار احمد، محمود ایڈوکیٹ، فیضان حسن وغیرہ کو بھی اعزاز سے نوازا گیا۔اس اعزازی تقریب کو نسیم احمد، نبیل احمد، محمد واجد، گل ستاب، محمد عمران، محمد عارف، محمد فیصل، محمد ندیم، کمال الدین، منشاد وغیرہ نے اپنی سخت محنت سے کامیاب بنایا۔تمام شرکاء کے لیے بجنور کے مسوری اڑد چاول کے ظہرانے کا اہتمام کیا گیا تھا۔