Bihar
اندھیرا مٹانا ہے تو خود جلنا ہوگا، عوام کے لیے لڑنا ہوگا: راجیش رام,کانگریس کے بلاک سطح کے صدور کے دو روزہ تربیتی کیمپ کا اختتام،’’اقتدار سے ٹکرانے کا حوصلہ رکھنا اور عوام کا دل جیتنا ضروری: کرشنا الاوّارو
پٹنہ:(پی این این)بہار پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر دفتر صداقت آشرم میں آج پرکھنڈ(بلاک سطح) صدور کے دو روزہ تربیتی کیمپ کے دوسرے اور آخری دن کا انعقاد کیا گیا۔ اس تربیتی کیمپ میں بہار کانگریس کے انچارج کرشنا الاوّارو اور بہار پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر راجیش رام نے شرکت کی اور تنظیم کو پرکھنڈ سطح سے گاؤں، پنچایت اور بوتھ سطح تک مضبوط بنانے کے لیے اہم تجاویز پیش کیں۔
اس موقع پر بہار کانگریس کے انچارج کرشنا الاوّارو نے منطقی دلائل اور مختلف ویڈیوز کی مدد سے تربیتی کیمپ میں شریک پرکھنڈ صدور کو حوصلہ افزا اور ضروری رہنمائی فراہم کی۔ انہوں نے تنظیمی مضبوطی میں پرکھنڈ صدور کے آئندہ کردار پر بھی روشنی ڈالی۔بہار پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر راجیش رام نے کہا کہ پرکھنڈ صدور ہی کانگریس تنظیم کی اصل بنیاد اور مضبوط ستون ہیں۔ تنظیم کو مؤثر اور فعال بنانے کے لیے ان کی تربیت اور مضبوطی نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے اختتامی اجلاس میں تمام پرکھنڈ صدور سے تربیت کے حوالے سے آراء بھی حاصل کیں اور آئندہ کی تنظیمی حکمتِ عملی پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔
تربیتی پروگرام کے انچارج اور سابق ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی) کروناساگر نے کہا کہ کانگریس ایک منظم اور باقاعدہ جماعت ہے۔ تربیت کے ذریعے نہ صرف آئندہ کے منصوبوں پر عمل کیا جائے گا بلکہ عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر اٹھا کر ان کے حل کے لیے جدوجہد بھی کی جائے گی۔تربیتی پروگرام کی نظامت سابق ڈی جی پی اور کانگریس رہنما کروناساگر نے انجام دی۔آج کے تربیتی کیمپ میں پانچ اجلاس منعقد ہوئے، جن میں اسیت ناتھ تیواری، ڈاکٹر سنیہاشیش وردھن، ڈاکٹر انیتا کماری، انووید سنگھ اور ایڈووکیٹ پنکج شویتابھ نے مقررین کی حیثیت سے خطاب کیا۔اس سے قبل صبح کے وقت پرکھنڈ صدور نے شَرم دان، پربھات فیری اور مختلف علاقوں میں عوام سے براہِ راست رابطہ مہم میں حصہ لیا۔
تربیتی کیمپ کے اختتام پر بہار کانگریس کے انچارج کرشنا الاوّارو، پردیش صدر راجیش رام اور تربیتی انچارج سابق ڈی جی پی کروناساگر نے تمام شریک پرکھنڈ صدور کو اسناد بھی تقسیم کیں۔اس پروگرام میں بہار کانگریس کے انچارج کرشنا الاوّارو، پردیش صدر راجیش رام، تربیتی انچارج سابق ڈی جی پی کروناساگر، برجیش پرساد منن، پنکج یادو، ویدی ناتھ شرما سمیت درجنوں پرکھنڈ صدور موجود تھے۔