uttar pradesh

اقلیتی کانگریس کی قومی نائب صدر روبی خان کا سہارنپورکا دورہ،اترپردیش میںمنعقدہونے والے 2027 اسمبلی انتخابات اور پارٹی کی مضبوطی پر کیا گیا غور و خوض

Published

on

(پی این این)
دیوبند:آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے اقلیتی شعبہ کی قومی نائب صدر و اتر پردیش انچارج روبی خان قومی کوآرڈی نیٹر و اترپردیش کے شریک انچارج محمود خان اور مغربی اتر پردیش کے کنوینر نسیم قریشی بدھ کے روز سہارنپور پہنچے، جہاں اقلیتی سیل کانگریس کے ضلع صدر گلشیر عالم شاہ، شہر صدر عارش صدیقی اور ریاستی نائب صدر سونو پٹھان کی قیادت میں پارٹی کارکنوں نے ان کا استقبال کیا۔
اجلاس میں آئندہ 2027 کے اسمبلی انتخابات میں اقلیتوں کی زیادہ سے زیادہ شمولیت کو یقینی بنانے، سہارنپور میں اقلیتی کانگریس کی تنظیم نو، تنظیم کو بوتھ سطح تک مضبوط بنانے، نئے کارکنوں کو جوڑنے اور کانگریس کی پالیسیوں کو عوام تک پہنچانے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں کانگریس کے ضلع صدر سندیپ رانا، شہر صدر منیش تیاگی، رکن اسمبلی سریندر کپل، سیوا دل کے ضلع صدر عمران قریشی، ضلع ترجمان گنیش دت شرما، او بی سی کانگریس کے ضلع صدر بھوپیندر سینی، امردیپ جین، خواتین کانگریس کی ضلع صدر شویتا سینی، منیش سہگل، مدھو سہگل، شہناز نیتانی، نوریہ مرزا، تنظیمی انچارج جنشہب مونی، شاکر انصاری، مرسلین مدّا، ریاستی سیکریٹری دانش خان تیترو، ریاستی نائب صدر مہربان عالم، سابق ضلع صدر چودھری مظفر علی گجر سمیت بڑی تعداد میں کانگریس کے عہدیداران اور کارکنان شریک ہوئے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے روبی خان نے کہا کہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس کو مضبوط بنانے کے لیے تنظیم کو مستحکم کرنا اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ راہل گاندھی کی قیادت میں کانگریس پارٹی معاشرے کے تمام طبقات کو ساتھ لے کر آگے بڑھ رہی ہے اور اقلیتی کانگریس اس مشن میں اہم کردار ادا کرے گی۔ روبی خان نے سہارنپور اقلیتی کانگریس کی تنظیمی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے گلشیر عالم شاہ، عارش صدیقی، سونو پٹھان، ڈاکٹر یاسمین راؤ، دانش خان تیترو اور پوری اقلیتی کانگریس ٹیم کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ پوری لگن اور عزم کے ساتھ تنظیم کو مزید مضبوط کریں اور2027 کے اسمبلی انتخابات میں کانگریس پارٹی اور راہل گاندھی کے ہاتھ مضبوط بنانے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

رجحان ساز

Copyright © 2025 Probitas News Network