uttar pradesh

اعظم خان کیساتھ غلط سلوک کررہی ہے یوپی حکومت،خودبی جے پی رہنماؤں کی ہیں لکھنؤ میں سب سے زیادہ غیر قانونی عمارتیں :اکھلیش یادو

Published

on

(پی این این)
لکھنؤ:سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے جمعرات کو لکھنؤ میں پارٹی دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بی جے پی حکومت پر حملہ بولا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت ہمارے پروگرام منعقد نہیں ہونے دے رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلند شہر میں سماج وادی پارٹی کا ساون کے دوران ایک پروگرام ہونا تھا۔ حکام نے پروگرام کے لیے میدان کی اجازت دینے کی کئی بار یقین دہانی کرائی، بعد میں ساون کا مہینہ ہونے کی وجہ سے پروگرام کی تاریخ آگے بڑھانے کا مشورہ دیا۔ سماج وادی پارٹی نے پروگرام آگے بڑھا دیا، لیکن اس کے باوجود اجازت نہیں دی گئی۔ کہا گیا کہ پولیس لائن میں پانی بھرا ہوا ہے، جس کی وجہ سے ہیلی پیڈ پر ہیلی کاپٹر نہیں اتر سکے گا۔اکھلیش یادو نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ میں نے سوچا شاید کالی ندی میں سیلاب تو نہیں آگیا ہے۔ اس کے بعد اکھلیش نے پولیس لائن کی ایک ویڈیو دکھائی، جس میں کہیں بھی پانی نظر نہیں آ رہا تھا۔ اکھلیش نے کہا کہ آخر حکومت ہمارے پروگرام سے پریشان کیوں ہے؟ ہم نے اس سے خراب حکومت پہلے کبھی نہیں دیکھی۔
دراصل بلند شہر میں 11 ستمبر(آج) کو سماج وادی پارٹی کا پروگرام مقرر تھا۔ ایس پی صدر نے کہا کہ جہاں ہیلی کاپٹر اترنا تھا، وہاں ہیلی پیڈ پر دور دور تک پانی جمع نہیں ہے۔ صرف زبردستی سیمنٹ، گارا اور پیور بلاکس دکھا کر، حکومت کی خفیہ ہدایت پر انتظامیہ ہمارے 11 ستمبر کے پروگرام کو منسوخ کرنے کا بہانہ تلاش کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ سماج وادی پارٹی کے عہدیداران کی موجودگی میں غیر جانب دار ماہرین سے جانچ کراکر حقیقت سامنے لائی جائے۔ اگر ہم سڑک کے راستے آئیں گے تو کیا ایکسپریس وے، ہائی وے یا سڑکوں کی خراب حالت کا بہانہ بھی بنایا جائے گا؟ کیونکہ یہ تمام سڑکیں واقعی آمدورفت کے قابل نہیں ہیں۔عوام پوچھ رہی ہے کہ ہیلی پیڈ اور موسم صرف اپوزیشن کے لیے ہی کیوں خراب ہوتا ہے؟
سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے کہا کہ ہم ضلع وار انتخابی منشور تیار کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ریاست کے لیے تو انتخابی منشور تیار کریں گے ہی، ساتھ ہی ضلع وار منشور بھی بنائیں گے، جس میں ہر ضلع کے مسائل کو ترجیح دی جائے گی۔بی جے پی حکومت پر حملہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ درست خبریں چلانے پر صحافیوں کے خلاف مقدمات درج کیے جا رہے ہیں اور انہیں اسکولوں میں جانے سے روکا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ حکومت جانے والی ہے اور سماج وادی پارٹی اسے اقتدار سے ہٹانے کا عزم کر رہی ہے۔
اکھلیش نے اعظم خان کے خلاف کارروائی کو ناانصافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت ان کے ساتھ غلط سلوک کر رہی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ لکھنؤ میں سب سے زیادہ غیر قانونی عمارتیں بی جے پی رہنماؤں کی ہیں۔ انہوں نے ریزرویشن اور مدارس کے معاملے پر بھی بی جے پی کو گھیرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کے معاملے پر حکومت کے پاس کوئی جواب نہیں ہے، اسی لیے وہ دوسرے مسائل کو سامنے لا رہی ہے۔
جی ڈی پی کے اعداد و شمار پر سوال اٹھاتے ہوئے اکھلیش نے جھانسی کے واقعے کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک شخص کے پاس اپنی اہلیہ کی لاش لے جانے اور آخری رسومات ادا کرنے تک کے پیسے نہیں تھے۔ انہوں نے سوال کیا کہ یہ کیسی جی ڈی پی ہے؟ اکھلیش نے الزام لگایا کہ اپنے خاص لوگوں کو فائدہ پہنچانے کے لیے جی ڈی پی کے اعداد و شمار میں اضافہ دکھایا جا رہا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

رجحان ساز

Copyright © 2025 Probitas News Network