Uncategorized
آج عوام کے خطوط لے کر وزیراعظم کی رہائش گاہ تک مارچ کریں گےاروند کجریوال
(پی این این)
نئی دہلی: عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کیجریوال ای-20 پٹرول کے خلاف عوام کے خطوط لے کر منگل کو وزیرِ اعظم کی رہائش گاہ تک مارچ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ وہ دوپہر 12 بجے 100 لوگوں کے ساتھ آپ کے مرکزی دفتر سے وزیرِ اعظم کی رہائش گاہ کے لیے روانہ ہوں گے۔ ہمیں امید ہے کہ وزیرِ اعظم ہم سے ملاقات کریں گے اور ہماری بات سنیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ صرف چند دنوں میں ای-20 کے خلاف 2,33,238 لوگوں نے آن لائن وزیرِ اعظم کے نام عرضی پر دستخط کیے ہیں۔ میں نے وزیرِ اعظم سے ملاقات کے لیے ایک ماہ قبل وقت بھی مانگا تھا، لیکن اب تک ان کی جانب سے کوئی جواب نہیں ملا ہے۔ انہوں نے وزیرِ اعظم سے سوال کیا کہ کیا ٹرمپ کے دباؤ میں ملک پر زبردستی ایتھنول مسلط کیا جا رہا ہے اور کیا اگلے پانچ سال میں 20 ارب ڈالر کا ایتھنول خریدا جائے گا؟ پیر کو آپ کے مرکزی دفتر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے قومی کنوینر اروند کیجریوال نے کہا کہ ایتھنول کو لے کر ملک کے عوام بہت زیادہ پریشان ہیں اور مرکز کی مودی حکومت زبردستی لوگوں پر ایتھنول مسلط کر رہی ہے۔ لوگوں کی گاڑیوں کی مائلیج کم ہو رہی ہے اور ان کی گاڑیاں خراب ہو رہی ہیں۔ اس کے باوجود حکومت عوام کے سوالات کا جواب دیے بغیر اور کوئی دلیل پیش کیے بغیر اسے زبردستی مسلط کر رہی ہے۔ اس سے ایسا لگتا ہے کہ حکومت کا کوئی نہ کوئی پوشیدہ ایجنڈا ہے۔ اروند کیجریوال نے کہا کہ ایک الزام یہ بھی لگایا جا رہا ہے کہ ٹرمپ کے دباؤ میں مودی جی جھک گئے ہیں۔ ٹرمپ اپنے ملک کا ایتھنول زبردستی بھارت میں درآمد کروانا چاہتے ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق اگلے پانچ سال میں مودی حکومت ٹرمپ سے 20 ارب ڈالر کا ایتھنول خریدے گی، جو ہمارے ملک پر مسلط کیا جائے گا۔ مودی جی ہمارے ملک کے لوگوں کی گاڑیاں خراب کرنا چاہتے ہیں۔اروند کیجریوال نے مزید کہا کہ ہفتے کے روز ہم نے ای-20 کے خلاف ٹاؤن ہال منعقد کیا تھا۔
، جو انتہائی کامیاب رہا۔ ہال کے اندر اور باہر بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے اور تقریباً 7 لاکھ لوگ اس پروگرام کو لائیو دیکھ رہے تھے۔ میرا خیال ہے کہ یہ دنیا کا ریکارڈ ہے کہ کسی لائیو پروگرام کو بیک وقت 7 لاکھ لوگ آن لائن دیکھ رہے ہوں۔ یہ ظاہر کرتا ہے کہ لوگ ای-20 سے کس قدر پریشان ہیں اور کس طرح وہ ٹاؤن ہال کی حمایت میں سامنے آئے ہیں۔ اس کے باوجود لوگوں کو بری طرح ڈرایا دھمکایا جا رہا ہے۔ اگر کوئی انفلوئنسر، کانٹینٹ کریئیٹر یا متاثرہ شخص ای-20 کے خلاف آواز اٹھاتا ہے تو اسے ٹرول کیا جاتا ہے اور اس کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے ڈرایا دھمکایا جاتا ہے۔ اسی وجہ سے لوگ بہت خوفزدہ ہیں۔ اروند کیجریوال نے بتایا کہ کچھ دن پہلے ہم نے وزیرِ اعظم کے نام ایک آن لائن پٹیشن پر دستخط کروائے تھے۔ صرف چند دنوں کے اندر 2,33,238 لوگوں نے اس پٹیشن پر دستخط کیے ہیں۔ منگل کو میں یہ پٹیشن وزیرِ اعظم کو سونپنے کے لیے 100 لوگوں کے ساتھ دوپہر 12 بجے عام آدمی پارٹی کے دفتر سے ان کی رہائش گاہ کی طرف روانہ ہوں گا۔ ہم چاہتے ہیں کہ یہ پٹیشن انہیں ذاتی طور پر سونپیں اور ان سے بات کریں کہ ایتھنول کیوں غلط ہے اور لوگ کس طرح پریشان ہو رہے ہیں۔ میں نے تقریباً ایک ماہ قبل خط لکھ کر بھی ان سے ملاقات کا وقت مانگا تھا، لیکن اس پر ان کی جانب سے کوئی جواب نہیں آیا۔ اس لیے اب منگل کو ہم یہ پٹیشن خود لے کر جائیں گے اور ہمیں امید ہے کہ وزیرِ اعظم ہم سے ملاقات کریں گے اور ہماری بات سنیں گے۔